شکار پور سے 2024 کے 74 ویں پولیو کیس کی تصدیق ہوگئی
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں قائم انسداد پولیو ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک میں سال 2024 کے 74 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگل کو لیبارٹری نے سندھ کے ضلع شکارپور میں پولیو کے ایک کیس کی تصدیق کی، لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 2024 میں شکارپور سے پولیو کا یہ دوسرا کیس ہے۔
گزشتہ ماہ ہی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے ٹھٹھہ سے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی تھی، 2024 میں ٹھٹھہ سے پولیو کا یہ پہلا کیس ہے، چونکہ نمونہ پچھلے سال دسمبر میں جمع کیا گیا تھا ، اس لیے اس کیس کو پچھلے سال کے اعداد و شمار کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
عہدیدار کے مطابق نمونے کے لیے انکیوبیشن کی مدت تقریباً 3 ہفتے ہے ، جو سردیوں کے موسم کے دوران مزید بڑھ سکتی ہے۔
ملک میں 2024 میں مجموعی طور پر 74 کیسز رپورٹ ہوئے، ان میں سے بلوچستان میں 27، سندھ میں 23، خیبر پختونخوا میں 22، پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ 2025 میں اب تک پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آیا ہے اور وہ خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہے۔
پاکستان پولیو پروگرام ہر سال بڑے پیمانے پر حفاظتی قطرے پلانے کی متعدد مہمات چلاتا ہے، جن میں بچوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین مہیا کی جاتی ہے۔