جلاؤ گھیراؤ کیس: انسداد دہشت گردی عدالت نے آفاق احمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چئیرمین آفاق احمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز گرفتار کئے گئے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کو پولیس کی سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی عدالت پہنچایا گیا۔
آفاق احمد کے خلاف تھانہ عوامی کالونی اور لانڈھی میں مقدمات درج ہیں، جن میں جلاؤ گھیراؤ اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمات میں آفاق احمد سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جلائے گئے ڈمپر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر لاپتا ہیں، خدشہ ہے کہ ان کے پاس ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کیس دہشت گردی کا کیس بنتا ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ پوری ٹرانسپورٹر برادری ان کی وجہ سے خوف زدہ ہے، آفاق احمد کے وکیل نے موقف اپنایا کہ خوف زدہ تو ہم ہیں لوگوں کو ڈمپر تلے کچلا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ آفاق احمد کو پولیس نے گزشتہ روز ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا تھا، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) غلام نبی میمن نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ نذر آتش کرنے اور لوگوں کو اکسانے کے الزام میں آفاق احمد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک اور پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھاکہ لانڈھی میں چند افراد نے سامان لے جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ کو ’ہائی جیک‘ کیا تھا، جسے لانڈھی میں پارٹی کے دفتر لے جایا گیا اور صبح 7 بجے آگ لگا دی گئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک روکنے کے لیے گزشتہ روز شہری سڑکوں پر آئے تھے جبکہ مختلف علاقوں میں 4 ٹرک جلا دیے گئے تھے، لانڈھی اور نارتھ کراچی میں شہریوں نے بھاری گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونےسے روک دیا تھا، اسی طرح سخی حسن پر مشتعل شہریوں نے واٹر باؤزر پر حملہ کیا، اس کے شیشے توڑے تھے۔
احتجاج کے پیش نظر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے شہر کے داخلی راستوں پر گاڑیاں کھڑکی کرکے احتجاج کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ٹینکر سروس بھی معطل کردی تھی۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ہیوی ٹرانسپورٹ کو جلانے اور توڑ پھوڑ کا نشانہ بنانے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنگ کی رپورٹ کے مطابق آفاق احمد نے کہا تھا کہ پانی ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے حوالے سے انتظامیہ کی وضاحت گمراہ کن ہے۔
آفاق احمد کا کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں ڈمپرز، ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں لوگوں کی زندگیو ں کے چراغ گل کر رہا ہے، مزید کہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
آفاق احمد نے کہا تھا کہ 48گھنٹے کا الٹی میٹم منگل کی صبح ختم ہو رہا ہے، اس کے بعد کراچی کے نوجوان جانتے ہیں کہ انہیں اپنے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیسے کرنا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کی سڑکوں پر ممنوع اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت رک نہیں سکی ہے، کراچی میں رواں ماہ 11 روز کے دوران ٹریفک حادثات میں 22 سے زائد شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔