لاہور میں گاڑیوں کے ٹائر چوری کرکے آن لائن بیچنے والا 4 بھائیوں کا گینگ پکڑا گیا
لاہور میں گاڑیوں کے ٹائر چوری کرکے آن لائن بیچنے والا 4 بھائیوں کا گینگ پکڑا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور پولیس نے گاڑیوں کے ٹائر چوری کرنے والا 4 بھائیوں کا گروپ پکرا ہے، گرفتار چور بھائیوں سے 39 ٹائرز بھی بر آمد کرلیے گئے، چاروں بھائی سیکڑوں ٹائر مختلف شہروں کے ڈیلرز کو فروخت کرچکے، ان کی نشان دہی پر دیگر شہروں سے کئی ڈیلرز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ چار بھائیوں پر مشتمل یہ ٹائر چور گینگ گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر اور رم چوری کرکے فرار ہوجاتا تھا، چاروں بھائی بعض اوقات تمام ٹائر چوری کرتے وقت شہریوں کی گاڑیوں کو اینٹوں پر کھڑا کرکے چلے جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گینگ چوری کاسامان کوئٹہ اور پشاور میں بھی فروخت کرتا تھا، چوری شدہ ٹائرز خریدنے والے ڈیلرز بھی مختلف شہروں سے گرفتار کیے گئے ہیں۔
چاروں چور بھائی چوری کےٹائرز فروخت کرنے کے لیے آن لائن ایپس کا استعمال بھی کرتے تھے، شہریوں کی جانب سے ان کی گاڑیوں کے ٹائرز چوری ہونے کے واقعات رپورٹ کیے گئے تھے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا، طویل محنت اور جدوجہد کے بعد بالآخر اس گینگ کا پتا لگا لیا گیا، اب تمام ملزمان زیر حراست ہیں۔
پولیس حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔