اسپیکر قومی اسمبلی سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات، میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر پر تبادلہ خیال
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں تحریک انصاف کے گرفتار رکن قومی اسمبلی میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر سمیت دیگر اہم پارلیمانی امور پر گفتگو ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ میاں غوث کو اسلام آباد میں ہی قیام کرنے کی اجازت دی جائے اور انہیں واپس جانے نہ دیا جائے۔
اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ میاں غوث کو پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر طور پر انجام دے سکیں۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس ان کے لیے تمام ممبران قومی اسمبلی برابر ہیں اور وہ اپوزیشن اور حکومتی ممبران سے اچھے تعلقات رویے کے خواہاں ہیں اور حکومت اور اپوزیشن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، مگر اپوزیشن کی جانب سے اختیار کیے گئے رویے پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض معاملات میں اپوزیشن کا رویہ ان کی پوزیشن کو متاثر کر رہا ہے اور اس سے حکومتی ارکان کو بھی تنقید کا موقع ملتا ہے۔
قبل ازیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے رکن میاں غوث کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، جس کے بعد میاں غوث نے اسپیکر قومی اسمبلی سے چیمبر میں ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید برآں، اسپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی اجازت سے میاں غوث کو پارلیمنٹ لاجز میں اپنی فیملی سے ملاقات کی اجازت بھی دی گئی۔
تحریک انصاف کے رکن میاں غوث قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ پہنچے تھے۔