• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:51pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:15pm

جنوبی وزیرستان: چیمبر آف کامرس کے صدر اور 2 کسٹم افسران اغوا

شائع February 14, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی وزیرستان میں وزیرستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ڈبلیو سی سی آئی) کے صدر اور 2 کسٹم افسران کو اغوا کر لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے بتایا کہ ڈبلیو سی سی آئی کے صدر سیف الرحمٰن، کسٹم سپرنٹنڈنٹ نثار عباسی اور انسپکٹر خوشحال افغانستان کے ساتھ انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پر کسٹم آفس سے واپس آرہے تھے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا۔

اغواکاروں نے ان کی گاڑی روکی اور انہیں زبردستی نامعلوم مقام پر لے گئے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فوری تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔

خبر فائل ہونے تک تینوں افراد کے ٹھکانے کا پتا نہیں چل سکا تھا، مقامی تاجر برادری نے اغوا پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وانا ٹریڈ یونین اور ڈبلیو سی سی آئی نے اغوا کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیاں تینوں افراد کی بازیابی کے لیے فوری کارروائی کریں۔

تاجروں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات نے کاروباری ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے اور دھمکی دی کہ اگر حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہی تو وہ احتجاج میں سڑکوں پر نکلیں گے۔

مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام اور تاجر برادری اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔

کارٹون

کارٹون : 19 فروری 2025
کارٹون : 18 فروری 2025