مکانات کی قیمتیں بڑھنے سے سعودی عرب میں سال بہ سال مہنگائی 2 فیصد بڑھ گئی
سعودی عرب میں گزشتہ سال جنوری کے مقابلے رواں سال جنوری میں کنزیومر پرائسز میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی بنیادی وجہ مکانات کی لاگت میں اضافہ ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوری میں مملکت میں مکانات کے کرایوں میں سال بہ سال 9.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ولا کے کرایوں میں 7.7 فیصد اضافہ ہوا۔
تجزیے میں کہا گیا ہے کہ تعمیرات، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
عالمی سطح پر افراط زر کی بڑھتی ہوئی شرح کے باوجود، مشرق وسطیٰ کے ممالک نے اخراجات میں اضافے کے خلاف لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔
دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں افراط زر کی شرح 2.89 فیصد، قطر میں 0.24 فیصد اور بحرین میں 0.50 فیصد رہی۔
اکتوبر میں عالمی بینک کی ایک رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ سعودی عرب میں افراط زر کی سطح 2025 میں 2.3 فیصد پر مستحکم رہنے کی توقع ہے، جو خلیج تعاون کونسل کی اوسط سے کم ہے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا کہنا ہے کہ مکانات کی قیمتوں میں اس اضافے نے جنوری 2025 کے لیے سالانہ افراط زر کی شرح کے تسلسل کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے، جس کی شرح 25.5 فیصد تھی، ریلیز میں کنزیومر پرائسز میں کئی اضافی تبدیلیوں کی بھی تفصیل دی گئی ہے۔
خوراک اور مشروبات کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں جنوری میں 0.8 فیصد کا معتدل اضافہ دیکھا گیا، سبزیوں کی قیمتوں میں5.6 فیصد اضافہ اس ضمن میں مہنگائی کی وجہ بنا۔
زیورات کی قیمتوں میں 21.6 فیصد اضافے کے باعث ذاتی سامان اور خدمات کے اخراجات میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا،ریستورانوں اور ہوٹلوں کے اخراجات میں سال بہ سال 0.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فرنیچر اور گھریلو سامان کے اخراجات میں سال بہ سال 2.4 فیصد کمی دیکھی گئی۔
جنوری 2024 کے مقابلے رواں سال جنوری میں کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں 1.5 فیصد جبکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 1.9 فیصد کمی واقع ہوئی۔
سعودی عرب کی کنزیومر پرائسز دسمبر کے مقابلے میں مستحکم رہیں، انڈیکس میں 0.3 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق دسمبر کے مقابلے میں مکانات کے کرایوں میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا۔
دسمبر کے مقابلے میں ذرائع آمد و رفت کی قیمتوں میں 0.5 فیصد جبکہ کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا۔
ماہانہ بنیاد پر مواصلات کی قیمتوں میں 0.3 فیصد جبکہ تعلیم کے اخراجات میں 0.1 فیصد کمی واقع ہوئی، ریستورانوں اور ہوٹلوں کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔