یو اے ای میں ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے 40 ایئرکنڈیشنڈ ریسٹ ایریاز کی تعمیر مکمل
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے امارات کے اہم مقامات پر ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے 40 ایئر کنڈیشنڈ ریسٹ ایریاز کی تعمیر مکمل کرلی۔
گلف نیوز کے مطابق یہ اقدام آر ٹی اے کی ان کوششوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد سڑک کی حفاظت کو بہتر بنانا، معیار زندگی کو بہتر بنانا اور ڈیلیوری رائیڈرز کو ضروری خدمات اور آرام فراہم کرنا ہے، جب وہ نئے آرڈرز کا انتظار کرتے ہیں۔
اس کا مقصد سڑک حادثات کے خطرے کو کم کرنا اور ٹریفک قوانین اور ضوابط کی تعمیل کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔
آر ٹی اے کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطار الطائر نے بتایا کہ ان ریسٹ ایریاز کا نفاذ خاص طور پر حالیہ برسوں میں اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کے درمیان، ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے آر ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون 2024 کے آخر تک دبئی میں 2 ہزار 535 کمپنیاں موٹر سائیکل ڈیلیوری کی خدمات پیش کر رہی تھیں، جن کے بیڑے میں کل 46 ہزار 600 ڈیلیوری موٹر سائیکلیں تھیں۔
یہ اقدام تمام صارفین کے لیے روڈ سیفٹی کو بھی تقویت دیتا ہے، اور دبئی کی ٹریفک سیفٹی حکمت عملی کے ساتھ ہم آہنگ ہے ، جو ’صفر ہلاکتوں‘ کو ہدف بناتا ہے، جس سے امارات روڈ سیفٹی میں عالمی رہنما کے طور پر سامنے آتا ہے۔
الطائر نے کہا کہ ان ریسٹ ایریاز کو سورج کی روشنی کو کم سے کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس طرح کی ہر سہولت میں ایئر کنڈیشنڈ لگے ہیں، جہاں بیک وقت 10 رائیڈرز کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، موٹر سائیکلوں کے لیے مخصوص پارکنگ کی جگہیں بھی ہیں۔
آرام کی جگہ کے مقامات
مقامات کا انتخاب آپریشنل ڈیٹا کے تجزیے، ڈیلیوری خدمات کی طلب اور ڈیلیوری کمپنیوں کے ساتھ کو آرڈینیشن کی بنیاد پر کیا گیا، اس کے نتیجے میں اہم علاقوں میں ریسٹ ایریاز قائم کیے گئے، جن میں حیسا اسٹریٹ، برشا ہائٹس، البرشا، الکرما، رگات البوتین، ام سقیم (جمیرہ 3)، جمیرہ (الواسل روڈ)، گرینز، دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، الرشیدیہ، الستوا، ند الحمر، النہضہ، اود میتھا، عرب رینچز، انٹرنیشنل سٹی، بزنس بے، دبئی مرینا شامل ہیں، اس کے علاوہ الجداف، میردیف، لاسٹ ایگزٹ الخوانج، دبئی موٹر سٹی اور الغرود میں بھی یہ ریسٹ ایریا بنائے گئے ہیں۔
ڈلیوری سیکٹر ایکسیلینس ایوارڈ
آر ٹی اے نے ڈیلیوری سیکٹر کے لیے جامع فریم ورک نافذ کیا ہے، تاکہ عوام کے لیے اعلیٰ معیار کی خدمات کو یقینی بنایا جاسکے، جس میں ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس کا اجرا بھی شامل ہے۔
2022 میں ، آر ٹی اے نے کمپنیوں اور ڈیلیوری رائیڈرز کے مابین مسابقت، اعلیٰ روڈ سیفٹی معیارات کو فروغ دینے، ٹریفک قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانے اور کسٹمر سروس کو بہتر بنانے کے لیے ڈلیوری سروس ایکسیلینس ایوارڈ کا آغاز کیا تھا، اس کے ابتدائی فاتحین کو 2024 میں اعزاز ات سے نوازا گیا تھا، جب کہ اس سال ایوارڈ کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔
انتخاب کے معیارات
ڈیلیوری سیکٹر ایکسیلینس ایوارڈ 3 زمروں پر مشتمل ہے، ان میں کمپنیاں، رائیڈرز اور پارٹنرز کی کیٹگریز شامل ہیں، یہ سرفہرست 3 ڈیلیوری سروس کمپنیوں، ٹاپ تھری پلیٹ فارم اور ایپ پر مبنی ڈیلیوری فراہم کنندگان کو تسلیم کرتا ہے۔
ایک نیا بہترین پارٹنر کیٹگری متعارف کرائی گئی ہے، اور پہلے ایڈیشن میں بڑھتی ہوئی طلب کے جواب میں آؤٹ اسٹینڈنگ رائیڈر کیٹگری میں فاتحین کی تعداد بڑھا کر 200 کردی گئی ہے۔