دبئی: شامی خاتون کو منشیات رکھنے پر10 سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانہ
دبئی کی فوجداری عدالت نے ایک شامی خاتون کو منشیات رکھنے کے جرم میں 10 سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنادی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خاتون کو گزشتہ سال 15 اپریل کو دبئی پولیس نے جنرل ڈپارٹمنٹ آف اینٹی نارکوٹکس کی مصدقہ معلومات کی بنیاد پر القیادہ میٹرو اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔
خفیہ اطلاع سے پتہ چلا تھا کہ خاتون کے پاس کرسٹل میتھ تھی اور وہ اس کا استعمال کر رہی تھی، ملزمہ رات 8 بجے سفید فورڈ مستانگ میں جائے وقوعہ پر پہنچی تو اسے گرفتار کرلیا گیا، جہاں تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پلاسٹک کی بوتل میں 25.29 گرام مائع میتھامفیٹامائن اور پلاسٹک کی 5 تھیلوں میں 1.26 گرام کرسٹل میتھ برآمد ہوئی تھی۔
جائے وقوعہ سے منشیات کے استعمال کے لیے استعمال ہونے والے اوزار بشمول شیشے اور پلاسٹک کے پائپ، لائٹر اور پلاسٹک کے کور بھی ملے تھے، فرانزک رپورٹ میں مدعا علیہ کے پیشاب کے نمونے میں ایمفیٹامائن اور میتھامفیٹامائن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔
تفتیش کے دوران ملزمہ نے واٹس ایپ کے ذریعے منشیات خریدنے، مقامی بینک اکاؤنٹ میں 500 درہم منتقل کرنے اور ایپ کے ذریعے پک اپ لوکیشن حاصل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
ملزمہ کے دفاع میں دلیل دی گئی کہ پولیس رپورٹ اور فرانزک تجزیے کے درمیان منشیات کے وزن میں تضاد کی بنیاد پر شوادہ کو کالعدم قرار دیا جائے تاہم عدالت نے اس دلیل کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ فرق خالص وزن میں نہیں بلکہ مجموعی وزن میں ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے کی بنیاد 2021 کے وفاقی قانون نمبر 30 پر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 100 گرام میتھامفیٹامائن رکھنے پر سخت ترین جرمانہ ہوگا۔
خاتون کو اس کے جرائم کی سزا سنائی گئی اور ججوں نے سزا کاٹنے کے بعد اسے ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی میں ناکامی پر خاتون کو ہر 100 درہم کے بدلے ایک اضافی دن جیل بھگتنا ہوگی۔