آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے، عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل انعام میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائیت کارڈ کھیلنا آپ کی پرانی عادت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں تمام بڑے منصوبے وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، آپ اور آپ کے لوگ مسلسل شعلہ بیانی کررہے ہیں، ہمیں کبھی کبھی جواب دینا پڑ جاتا ہے تو آپ خفا ہوجاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کہتے ہیں ہم نے کبھی سیاست نہیں کی،کیا ہر معاملے میں چچا بھتیجی کا ذکر کرنا سیاست نہیں؟ ہماری مجبوری ہے کھل کر آپکو جواب بھی نہیں دے سکتے، ورنہ سندھ کے بلدیاتی الیکشن کو لے کر بہت ساری کہانیاں ہمارے پاس بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان شیخ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ سندھ میں حادثات کی بنیادی وجہ این ایچ اے کی تباہ حال سڑکیں ہیں، وفاق نے شاید سندھ کو اپنے نقشے سے الگ کیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق نے شاید سندھ کو اپنے نقشے سے الگ کیا ہوا ہے، دعا ہے چچا بھتیجی کا محبت بھرا رشتہ قائم رہے لیکن وزیراعظم سے درخواست ہے کہ مہربانی کرکے دوسرے صوبوں پر بھی نظر کرم کردیں۔
ارسلان شیخ کی پریس کانفرنس کے جواب میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ پنجاب کے 90 فیصد منصوبے اپنے فنڈز سے مکمل ہورہے ہیں، سیہون میں وزیراعلیٰ سندھ کےعلاقے میں حادثے کو وفاق پرمت ڈالیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اللہ کرے سندھ نے جو 956 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا تھا وہ جلد از جلد لگ جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 16سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت، مرادعلی شاہ وزیراعلیٰ ہیں، مالی سال ختم ہونے والا ہے مراد علی شاہ اب تک اپنے علاقے کی گلیاں، سڑکیں اور ہائی وے تک نہیں بنا سکے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آج میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری کے گزشتہ روز کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔