• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

کراچی: نجی سوسائٹی میں کسٹم کا چھاپہ، 2 کروڑ مالیت کا اسمگل شدہ گٹکا برآمد

شائع February 17, 2025
ڈپٹی کلکٹر محمد رضا نقوی کی قیادت میں کلکٹر معین الدین وانی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی ۔
—فوٹو: ڈان نیوز
ڈپٹی کلکٹر محمد رضا نقوی کی قیادت میں کلکٹر معین الدین وانی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی ۔ —فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں کسٹم نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں قائم گودام پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ گٹکا برآمد کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کسٹم انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی ٹیم نے کراچی میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک گودام پر چھاپہ مارا، اس دوران اسمگل شدہ بھارتی گٹکے کے 136 بیگز برآمد کرکے انہیں ضبط کرلیا گیا۔

کسٹم حکام کے مطابق ضبط کیے گئے گٹکے کے پیکٹس کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

یہ کارروائی ڈپٹی کلکٹر محمد رضا نقوی کی قیادت میں کلکٹر معین الدین وانی کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

کسٹم حکام کے مطابق ضبط کیا گیا گٹکا سرکاری گودام میں منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ 2019 سے سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا مافیا کے ساتھ ساتھ اس کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف دفعہ 337-اے کے تحت مقدمات درج کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

ایڈووکیٹ مزمل ممتاز نے مین پوری اور گٹکا کی فروخت کے خلاف درخواست جمع کروائی تھی، جس کی سماعت جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں قائم سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی تھی۔

ایڈووکیٹ مزمل ممتاز نے دوران سماعت اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس نقصان دہ مواد کی فروخت کے سلسلے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 336 کے تحت مقدمہ درج کر رہی ہے جو ایک قابل ضمانت جرم ہے۔

انہوں نے عدالت کی توجہ ایک اہم نکتے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت کی جانب سے کراچی میں گٹکا اور مین پوری کی فروخت پر مکمل پابندی کے باوجود اسے سرعام پولیس کی سرپرستی میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے ان احکامات کے بعد پولیس حکام نے خصوصی ٹاسک فورس بھی بنا رکھی ہے، جو گٹکا موا بیچنے والے کارخانوں اور اس کی تیاری سمیت فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف آئے روز کارروائیاں کرتی رہتی ہے، تاہم 6 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود گٹکے کی تیاری اور فروخت کا سلسلہ رک نہیں سکا۔

ایک جانب مضر صحت گٹکا کھانے والے شہری منہ کے کینسر میں مبتلا ہو رہے ہیں، تو دوسری جانب خود پولیس کی جانب سے اپنے افسران کے خلاف گٹکا مافیا کی پشت پناہی پر کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025