• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

لاہور: ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اے ایس ایف کے سابق اہلکار کو گرفتار کرلیا

شائع February 17, 2025
ایف آئی اے نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں
— فوٹو: ایف آئی اے/ فیس بک
ایف آئی اے نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں — فوٹو: ایف آئی اے/ فیس بک

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے سابق اہلکار کو گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ملزم اے ایس ایف میں بطور کارپول تعینات رہا، اور سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پایا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں شاہدرہ لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی ملزمان نے 2 شہریوں کو بوسنیا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 40 لاکھ روپے بٹورے اور شہریوں کو پہلے وزٹ ویزے پر شارجہ بھجوایا۔

ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ملی بھگت سے متاثرین کے پاسپورٹس پر بوسنیا کے جعلی ویزے لگائے، متاثرین نے مذکورہ ویزوں پر شارجہ سے بوسنیا جانے کی کوشش کی تو انہیں شارجہ سے واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے انسانی اسمگلرز کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کی کارکردگی کی تعریف کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے، انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت تعزیری کارروائی بھی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025