وزیراعلیٰ پنجاب نے آسان کاروبار پروگرام کا اجرا کردیا، 3 کروڑ تک بلاسود قرض دیا جائے گا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آسان کاروبار پروگرام کا اجرا کردیا جس کے تحت عوام کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
لاہور میں آسان کاروبار پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ملکی معیشت بہتر ہوئی، لوگوں کا معیار زندگی بڑھا، کوئی کچھ بھی کہتا رہے پاکستان ٹیک آف کرگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کاروبار کے لیے بلاسود آسان قرضے دینے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔
مریم نواز نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے سڑکوں سے کیا ترقی ہوگی، اگر سڑکوں سے ترقی نہیں ہوگی تو کیا جلاؤ گھیراؤ سے ہوگی؟
ان کا کہنا تھا کہ مخالفین نے ان کے اور اہل خانہ کے ساتھ جو کیا اس کا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہیں، اڈیالہ کے قیدی کو اچھا کھانا ملے یا اے سی، انہیں کوئی سروکار نہیں۔
اس سے قبل مریم نواز نے پنجاب میں آسان کاروبار پروگرام کا اجرا کیا اور کامیاب امیدواروں میں آسان کاروبار پروگرام کے تحت 3 لاکھ سے 3 کروڑ تک کے چیکس اور کارڈز تقسیم کیے۔
مریم نواز نے چیک وصول کرنے والوں سے ان کے کاروبار کی تفصیلات بھی دریافت کیں۔ پروگرام کے تحت ملنے والے قرضے بلا سود ہیں جو 3 سال میں آسان اقساط پر واپس کیے جاسکیں گے۔