پشاور میں بی آر ٹی سروس کودیگرعلاقوں تک توسیع دینےکافیصلہ
پشاور میں بی آر ٹی سروس کودیگرعلاقوں تک توسیع دینےکافیصلہ کرلیا گیا ہے، بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنےکےلئےمزیدبسیں بھی خریدی جائیں گی، صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں بی آر ٹی سروس کو دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، رنگ روڈ، باڑہ روڈ، خیبر روڈ پر بی آر ٹی بسیں چلائی جائیں گی۔
اجلاس میں بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنےکے لیےمزید بسیں خریدنےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، بسوں میں مسافروں کے رش کو کم کرنےکے لیے مزید 72 ڈیزل ہائیبرڈ بسیں خریدی جائیں گی، نئی بسوں کی خریداری، نئےروٹس پر بسیں چلانے اور سول ورکس مکمل کرنے کے لئے 6 ماہ کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے۔
اجلاس میں بی آر ٹی کے زیر تعمیر پلازوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلی ترجیح میں رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر پر کام شروع کیا جائے گا اور اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لئے فل فنڈنگ کا انتظام کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے رنگ روڈ اور یونیورسٹی روس سمیت شہر کے 7 مختلف مقامات پر انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے، متعلقہ حکام کو دو مہینوں میں ان انڈر پاسز کی فیزیبلٹی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اندرون شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بھی انڈر پاسز تعمیر کرنے کے لیے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گندا پور نے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر اور صوبے کا چہرہ ہے، پشاور کی تعمیر و ترقی ہماری اہم ترجیح ہے، پشاور کوصحیح معنوں میں صوبےکاایک خوبصورت چہرہ بنایا جائے گا، شہرکی ترقی اور جدید شہری سہولتوں کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں، اس مقصد کے لئے مالی وسائل کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوامی سہولت اور ضرورت کے پیش نظر بی آر ٹی سروس کو مزید بہتر بنایا جائے گا، اجلاس میں صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔