کُرم میں فساد کرنے والے بچ نہیں سکتے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کُرم میں فساد کرنے والے بچ نہیں سکتے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، کُرم کا مسئلہ سو سال سے زائد عرصے سے چلا آرہا ہے، یہ زمینی تنازع نہیں بلکہ فرقہ ورانہ مسئلہ ہے، وہاں بیرونی قوتیں سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے پشاور میں خیبر بینک کی اسلامی بینکاری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبر بینک میں نظام کو اسلامی بینکنگ پر منتقل کررہے ہیں، عوام خیبر بینک کے تمام سہولیات سے فائدہ اُٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبوں کے اکانومی کو منظم کرنا ضروری ہوتا ہے، ہم نے خود مختار ہونا ہے اور رزق حلال کمانا ہے، صوبے میں انڈسٹری شروع کرنے پر زیادہ سہولتیں دی جائیں گی، رقم منتقلی سے متعلق اوورسیز کے لیے مزید سہولیات فراہم کریں گے،خیبر بینک کے ذریعے اوورسیز اب آسانی سے رقم منتقل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کُرم کا مسئلہ 100 سال سے آرہا ہے، ہمیں لسانیت اور فرقہ واریت میں الجھایا گیا ہے، کُرم میں بیرونی قوتیں سرمایہ کاری کررہے ہیں،کُرم روڈ کو محفوظ کرکے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کررہے ہیں،کُرم میں فساد کرنے والے نہیں بچ سکتے، ہم سخت کاروائی کریں گے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔