قومی ٹیم کی سرجری ہوئی نہ ڈرپ لگی، عظمیٰ بخاری کی محسن نقوی پر تنقید
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی سرجری ہوئی اور نہ ڈرپ لگی۔
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے پاک-بھارت میچ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاک-بھارت میچ میں امید سے زیادہ دعاؤں پر انحصار ہے جبکہ قومی ٹیم کی جیت کے لیے پھونک بھی ماروں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے فخرزمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فخر سے مجھے بہت امید تھی، اگر وہ چل جائے تو اکیلے ہی میچ جتواسکتا ہے اور صائم ایوب بھی اچھا کھیل رہے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ بھی ان فٹ ہوگئے، اب امیدیں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو کو اشتہارات سے ہی فرصت نہیں ملتی، پہلے بابر بیٹنگ میں ہمارے کنگ ہوا کرتے تھے اور شاہین کی گھومتی ہوئی گیندوں سے لوگ ڈرتے تھے لیکن اب ایسا کچھ نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے چیپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں جب ہمیں بدترین شکست ہوئی تو اس پر کہا گیا تھا کہ سرجری ہوگی لیکن قومی ٹیم کی سرجری ہوئی نہ ڈرپ لگی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد قومی ٹیم آئی سی سی کے تقریباً ہر ایونٹ کی طرح پہلے ہی میچ کے بعد اگر مگر کی صورتحال کا شکار ہوگئی ہے۔
قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے۔