• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:47pm
  • LHR: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • ISB: Maghrib 5:59pm Isha 7:22pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:47pm
  • LHR: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • ISB: Maghrib 5:59pm Isha 7:22pm

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے 602 فلسطینی قیدیوں کی رہائی مؤخر کر دی

شائع February 23, 2025
غزہ: حماس کی قیدسے رہائی پانے والا اسرائیلی قیدی مسکراتے ہوئے جا رہا ہے
—فائل فوٹو: رائٹرز
غزہ: حماس کی قیدسے رہائی پانے والا اسرائیلی قیدی مسکراتے ہوئے جا رہا ہے —فائل فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے اختتام کے قریب پہنچنے اور 6 قیدیوں کی رہائی کے بعد ہفتے کے روز رہا کیے جانے والے 602 فلسطینی قیدیوں کی رہائی میں تاخیر ہوئی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ اسرائیل کو 6 اسرائیلیوں کو وطن واپس لانے کے بدلے اپنی زیر تحویل فلسطینیوں کو رہا کرنا تھا، تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایسا اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے سیکیورٹی مشاورت کے بعد ہی ہو سکتا ہے۔

ایک اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیکیورٹی مشاورت مکمل ہونے کے بعد حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے اگلے اقدامات کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، تاہم ذرائع نے تاخیر کی واضح وجہ نہیں بتائی۔

حماس نے اسرائیل پر غزہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ہفتے کے روز سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کی۔

حماس کے ترجمان عبدالطیف القانو نے ایک بیان میں نیتن یاہو پر تاخیر اور تعطل کے ہتھکنڈوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے مطابق ساتویں گروپ کی رہائی نہ کرنا معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے۔‘

6 اسرائیلیوں کو، جن میں سے کچھ دوہری شہریت کے حامل ہیں، ہفتے کے روز رہا کر دیا گیا تھا، جو جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے تحت قیدیوں کا آخری گروپ تھا۔

فلسطینی قیدیوں کے کلب کی حمایت کرنے والے گروپ نے کہا ہے کہ اسرائیل 620 قیدیوں کو رہا کرے گا، جن میں سے زیادہ تر کو اکتوبر 2023 کے چھاپوں کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔

وسطی غزہ کے علاقے نصرات میں ایک تقریب کے دوران حماس کے نقاب پوش افراد 27 سالہ ایلیا کوہن، 22 سالہ عمر شیم ٹوف اور 23 سالہ اسرائیلی نژاد ارجنٹائن عمر وینکرٹ کو اسٹیج پر لے آئے۔

جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسی طرح کی ایک تقریب میں حماس نے 40 سالہ تل شوہم اور 38 سالہ ایورا مینگیسٹو کو ان کے حوالے کیا۔

تاہم، تل شوہم کو اجتماع سے خطاب کرنے پر مجبور کیا گیا، جس کے ساتھ سیاہ لباس میں ملبوس نقاب پوش مسلح افراد بھی موجود تھے۔

فوج نے بتایا کہ چھٹے قیدی 37 سالہ ہشام السید کو بعد میں رہا کر دیا گیا اور اسے اسرائیلی علاقے میں واپس لے جایا گیا۔

ایک بدو مسلمان سید اور ایتھوپیا کے یہودی مینگسٹو کو غزہ میں انفرادی طور پر داخل ہونے کے بعد تقریباً ایک دہائی تک قید رکھا گیا تھا۔

رفح اور نصرات میں موسم سرما کی سرد بارشوں کے دوران حماس نے کئی ماہ کی بمباری اور حملوں کے بعد طاقت کا مظاہرہ کیا، جس میں گروپ کے سرکردہ رہنما ہلاک ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 فروری 2025
کارٹون : 23 فروری 2025