• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:47pm
  • LHR: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • ISB: Maghrib 5:59pm Isha 7:22pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:47pm
  • LHR: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • ISB: Maghrib 5:59pm Isha 7:22pm

غزہ میں تیسری انسداد پولیو مہم کا آغاز، 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

شائع February 23, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

غزہ میں تیسری انسداد پولیو مہم کاآغاز ہوگیا جس کا مقصد فلسطینی علاقے میں تقریباً 6 لاکھ بچوں کو پولیو کی پہلی خوراک دینا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کی ایک مسجد میں 10 سال سے کم عمر کے متعدد بچوں کو یہ خوراک دی گئی، جہاں گزشتہ سال اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی تھیں۔

ویکسینیشن مہم میں اقوام متحدہ کی متعدد ایجنسیاں شامل ہیں، جن میں اسرائیل کی جانب سے بائیکاٹ کی جانے والی اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) بھی شامل ہے اور یہ مہم ایک ایسے وقت میں چلائی جارہی ہے جب اسرائیل اور حماس جنگ بندی پر عمل پیرا ہیں جس کی وجہ سے لڑائی بڑی حد تک رک گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد 26 فروری تک 5 لاکھ 91 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانا ہے، یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے ایکس پر لکھا کہ ’یو این آر ڈبلیو اے کی ٹیم کے 1700 سے زائد ارکان اس مہم میں حصہ لیں گے‘۔

یہ مہم گندے پانی میں پولیو کی حالیہ نشاندہی کے بعد شروع کی گئی ہے جس سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں، اس سے قبل 2024 کے اواخر میں غزہ میں 20 سال میں پہلی بار انتہائی متعدی بیماری کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد یہ مہم چلائی گئی تھی۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان 16 ماہ سے زائد عرصے سے جاری تنازع کے بعد غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی یہ علاقہ 15 سال سے زائد عرصے سے اسرائیل کی جانب سے عائد کردہ ناکہ بندی کے تحت جدوجہد کر رہا تھا، پانی کا زیادہ تر بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے سیوریج کا پانی گنجان آباد علاقوں کے قریب کھلے تالابوں میں جمع ہو گیا ہے، ایسے حالات جن کی وجہ سے گزشتہ موسم خزاں میں وائرس دوبارہ ابھرا تھا۔

عالمی ادارہ صحت نے 19 فروری کو اطلاع دی تھی کہ گندے پانی کے نمونوں میں ایک بار پھر پولیو وائرس کے آثار پائے گئے ہیں، پولیو انتہائی متعدی ہے اور فالج کا سبب بن سکتا ہے اور بنیادی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے، دنیا بھر میں یہ بیماری تقریباً ختم ہو چکی ہے۔

دیرپا جنگ بندی کی امید میں جبالیہ کے رہائشی بسام الحاؤ اپنی بیٹیوں کو ویکسین لگوانے لے کر آئے، انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے معصوم بچوں کے لیے استحکام کی بھی امید کرتا ہوں تاکہ وہ تشدد سے محفوظ رہ سکیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 24 فروری 2025
کارٹون : 23 فروری 2025