بہو صدف کنول پورے خاندان کی آنکھ کا تارا ہے، بہروز سبزواری
بہروز سبزواری نے بہو صدف کنول کو خاندان کی آنکھ کا تارا قرار دے دیا۔
حال ہی میں بہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ صفینہ بہروز سبزواری نے ’سماء‘ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کامیاب شادی شدہ زندگی اور بیٹے بہو کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
بہروز سبزواری نے اہلیہ کو اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اہلیہ شوبز کو نہ سمجھتیں تو شاید ہم علیحدہ ہو چکے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اہلیہ کا نام بلقیس ایدھی رکھا ہوا ہے، کیوں کہ وہ برا کرنے والوں کے ساتھ بھی شفقت اور محبت سے پیش آتی ہیں۔
سفینہ بہروز نے بتایا کہ شادی کے سال گزرنے کے ساتھ ہمارا رشتہ مزید مضبوط ہوتا چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی نبھانے کے لیے خواتین کو بہت زیادہ کوششیں کرنی پڑتی ہیں، تاہم ہمارے رشتے کو کامیاب بنانے میں بہروز نے بھی بہت جدوجہد کی۔
بہروز سبزواری کے مزاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ غصہ کر جاتے ہیں، تاہم اب انہیں اس کی عادت ہوگئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب شوہر کوئی سخت بات کہہ جائیں تو بہو صدف مجھ سے کہتی ہے کہ آپ نے یہ بات کیسے برداشت کرلی ، اگر شہروز مجھے کہہ دیتے تو میں کیا کرتی؟
بیٹے(شہروز سبزواری) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ او لیولز تک وہ ایک ضدی بچہ تھا اور میری اہلیہ سارا سارا دن اس کے لیے پریشان رہتی تھیں۔
تاہم انہوں نے ٹین ایج ہی میں شہروز سبزواری کو صحیح اور غلط کا فرق سمجھادیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کبھی مایوس نہیں کیا۔
صفینہ سبزواری نے بتایا کہ شہروز کسی بھی حوالے سے سب سے پہلے اپنی بیوی اور اس کے بعد والد سے مشورہ کرتا ہے۔
بیٹے اور بہو کے تعلق پر ان کا کہنا تھا کہ دونوں کا تعلق مضبوط ہے، دونوں بہت سمجھداری سے فیصلے لیتے ہیں۔
بہروز سبزواری نے بیٹے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس جیسا شوہر، باپ اور بیٹا ہر ایک کو دے۔
بہروز سبزواری نے بتایا کہ بیٹے کی اچھی تربیت اور خاندان والوں کو مل بانٹ کے رکھنے کا سہرا اہلیہ کے سر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدف کنول اتنی اچھی لڑکی ہے کہ اس نے پورے خاندان کو سمیٹ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہو پورے خاندان کی آنکھ کا تارا ہے، جس نے چھوٹے بچے سے خاندان کے بزرگوں تک ہر ایک کا دل جیت لیا ہے۔
صفینہ بہروز نے بتایا کہ بیٹے نے صدف کنول سے شادی کی بات سب سے پہلے مجھ سے کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک مشکل وقت تھا مگر اللہ نے خیر سے گزروا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں اولاد سے زیادہ پوتیاں پیاری ہیں۔
دونوں پوتیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار اور ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ دونوں ہی بہت پیاری ہیں تاہم، بڑی والی(نورے) اظہار کم کرتی ہے اور چھوٹی والی(زہرہ) زیادہ چلبلی ہے۔
یاد رہے کہ بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف سے2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی نورے ہے۔
تاہم دونوں کے درمیان مارچ 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے چند ہفتوں بعد شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کی اور ان سے بھی ان کی ایک بیٹی زہرہ ہے۔