حب: جیولری شاپ پر مسلح افراد کی فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع حب کی رند مارکیٹ میں زیورات کی ایک دکان پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حب کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سید فاضل بخاری نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں دکان مالک خدا بخش، ان کا بیٹا شاہ رخ اور دکان کا ایک ملازم منظور شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’لاشوں کو حب سول ہستال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا یا نہیں۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب منگل کی رات ضلع بارکھان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر بس سے اتارنے کے بعد پنجاب جانے والے 7 افراد کو قتل کردیا تھا۔
دسمبر میں بلوچستان بھر میں فائرنگ اور ٹریفک کے واقعات میں ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔