اداکار عمر شہزاد نے بھی خانہ کعبہ میں نکاح کرلیا
ماڈل و اداکار عمر شہزاد نے بھی خانہ کعبہ سے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کردی۔
عمر شہزاد نے شریک حیات کے ہمراہ خانہ کعبہ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کی تصدیق کی۔
انہوں نے کیپشن میں نکاح یا منگنی کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، البتہ کیپشن میں قرآن پاک کی آیت کا مفہوم لکھا کہ ’ہم نے سب کو جوڑوں میں پیدا کیا‘۔
عمر شہزاد کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر میں ان کی شریک حیات کا چہرہ نہیں دکھائی دیتا، انہوں نے پردے سے چہرہ ڈھانپ رکھا ہوا ہے۔
ایک تصویر میں عمر شہزاد اور ان کی شریک حیات کو خانہ کعبہ پر ہاتھ رکھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اداکار کی شریک حیات کی انگلی میں انگوٹھی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
عمر شہزاد کی جانب سے خانہ کعبہ سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کی تصاویر پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
شوبز شخصیات نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
عمر شہزاد کی جانب سے شریک حیات کا چہرہ نہ دکھائے جانے پر متعدد مداحوں نے ان سے سوال بھی کیا کہ انہوں نے کس خاتون سے نکاح کیا ؟
اداکار کے مداحوں نے مبارک باد کے کمنٹس کرنے والی شوبز شخصیات سے بھی عمر شہزاد کی دلہن سے متعلق دریافت کیا لیکن کسی نے کوئی جواب نہیں دیا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمر شہزاد نے شوبز سے باہر کی خاتون سے نکاح کیا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
عمر شہزاد سے قبل گزشتہ ہفتے کبریٰ خان اور گوہر رشید نے بھی خانہ کعبہ میں نکاح کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔
عمر شہزاد اور ان کی شریک حیات نے بھی کبریٰ خان اور گوہر رشید کے انداز اور اسٹائل کو کاپی کیا۔