کبریٰ خان نے رخصتی کی ویڈیو شیئر کردی
اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی رخصتی اور مایوں کی ویڈیوز بھی شیئر کردیں، اس سے قبل انہوں نے شادی کی مختلف تقریبات کی ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔
کبریٰ خان اور گوہر رشید نے 12 فروری کو نکاح کی تصدیق کرتے ہوئے خانہ کعبہ میں نکاح کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
دونوں کی شادی کی مختلف تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر گزشتہ دو ہفتوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس پر صارفین سمیت شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد کے تبصرے بھی کیے گئے۔
اب اداکارہ نے رخصتی کی ویڈیو بھی شیئر کردی جب کہ انہوں نے مایوں کی تقریب کی بھی ویڈیو شیئر کردی۔
کبریٰ خان کی رخصتی سعودی عرب میں ہی ہوئی اور انہوں نے رخصتی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی رخصتی عام شادیوں کے مقابلے میں مختصر ہوئی۔
اداکارہ کی جانب سے رخصتی کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اسے دیگر شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔
کبریٰ خان کی رخصتی کی ویڈیو آفیشل فوٹوگرافر کی جانب سے بھی شیئر کی گئی جو کہ سعودی عرب سمیت برطانیہ میں بھی شادی کی فوٹوگرافی کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔
کبریٰ خان کی رخصتی میں ان کے اہل خانہ سمیت گوہر رشید کے اہل خانہ نے شرکت کی جب کہ نکاح کی تقریب میں بھی دونوں کے اہل خانہ نے شرکت کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق کبریٰ خان کی رخصتی کا انعقاد مکۃ المکرمہ میں کیا گیا جس کے بعد دونوں کی جانب سے اہل خانہ کے لیے ولیمے کی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔
دونوں کی جانب سے تاحال دوستوں اور شوبز شخصیات کے لیے ولیمے کی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ دونوں ماہ رمضان المبارک سے قبل ولیمے کی تقریب کا اہتمام کریں گے۔
بعض رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر دونوں رمضان المبارک میں افطار ڈنر کے ساتھ ولیمے کی تقریب کا انعقاد کریں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔