گووندا اور اہلیہ سنیتا آہوجا میں طلاق کی افواہیں
معروف بولی وڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا میں طلاق کی خبریں زیر گردش ہیں۔
گووندا اور سنیتا آہوجا کی جوڑی ان کے مداحوں کو بےحد پسند ہے، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی شدہ زندگی میں کٹھاس آچکی ہے۔
بولی وڈ اداکار نے 37 سال قبل سنیتا آہوجا سے 11 مارچ 1987 کو شادی کی تھی۔
دونوں کی ملاقات گووندا کی پہلی فلم ’تن بدن‘ کے مہورت پر ہوئی تھی۔
دونوں کے دو بچّے بیٹی نرمدا(ٹینا) اور یشوردھن ہیں، جب کہ حال ہی میں ان کی پوری فیملی کو یشوردھن کی سالگرہ کے موقع پر خوش گوار موڈ میں ساتھ ڈانس کرتے بھی دیکھا گیا۔
اداکار کی اہلیہ نہ تو فلم اسٹار ہیں اور نہ ہی کبھی سلور اسکرین پر نظر آئیں، تاہم اپنی خوش مزاجی، بے باک انداز گفتگو اور بلند قہقہوں کے سبب ناظرین میں بےحد مقبول ہیں۔
کچھ عرصہ قبل ہی اداکار کی بیوی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ گووندا کے ساتھ نہیں رہتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ شوہر کے بنگلے کے سامنے والے فلیٹ میں رہتی ہیں۔
انہوں نے شوہر کے ساتھ نہ رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب بیٹی بڑی ہو رہی تھی تو میں نے الگ فلیٹ میں رہنے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ بنگلے میں شوہر کا دفتر بھی ہے اور لوگوں کے آنے جانے کی وجہ سے بیٹی متاثر ہوتی۔
گووندا ان دنوں بڑے پردے سے دور ہیں، تاہم وہ اور ان کی اہلیہ کسی نہ کسی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔
اب خبر ہے کہ دونوں کی شادی شدہ زندگی میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق گووندا کا ایکسٹرا میریٹل افیئر چل رہا ہے اور ان کی طلاق کی کارروائی آخری مراحل میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکار کے 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات ہیں اور یہی ان کی شادی شدہ زندگی میں دراڑ کا سبب بھی ہے۔
دوسری جانب سنیتا آہوجا حالیہ کئی انٹرویوز میں شوہر کے افیئر کا اشارہ دے چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب شوہر کام کرتے تھے، فلموں میں مصروف رہتے تھے تو ان پر پورا بھروسا تھا کیوں کہ انہیں کام کے علاوہ کسی اور چیز کی فرصت نہیں تھی۔
تاہم، اب 60 سال کی عمر میں جب وہ فارغ ہیں تو دل کو دھچکا لگا رہتا ہے کہ کہیں کوئی افیئر نہ چلا لے۔
ساتھ ہی سنیتا آہوجا کئی مرتبہ یہ دعویٰ بھی کرتی نظر آئی ہیں کہ کون ہے جو ہمیں الگ کر سکے، کس کی اتنی مجال جو مجھے گووندا سے علیحدہ کرے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ روز قبل ویلنٹائن ڈے پر بھی سنیتا آہوجا کو گووندا کے ساتھ نہیں بلکہ بیٹے کے ساتھ دیکھا گیا۔
جب فوٹوگرافرز نے ان سے گووندا سے متعلق پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’سر اپنے ویلنٹائن کے ساتھ ہیں۔‘
تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کچھ گڑبڑ نہیں سمجھنا، انہیں اپنے کام سے بہت پیار ہے تو وہ کام ہی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب طلاق کی افواہوں پر گووندا یا ان کی اہلیہ نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا، ان کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔
’ہبندوستان ٹائمز‘ کے مطابق گووندا کے بھانجے کرشنا ابھیشیک نے اس خبر کو بکواس کہتے ہوئے کہا ہے کہ دونون میں کبھی طلاق ہو ہی نہیں سکتی۔