• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:05pm Asr 4:37pm
  • ISB: Zuhr 12:10pm Asr 4:43pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:05pm Asr 4:37pm
  • ISB: Zuhr 12:10pm Asr 4:43pm

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا منافع 6 ماہ میں 33 فیصد کم ہوگیا

شائع March 1, 2025
کمپنی نے کہا کہ اس نے اپنی تاریخ میں اب تک کے سب سے زیادہ سہ ماہی عبوری نقد منافع 4 روپے 5 پیسے فی حصص دیا
— فائل فوٹو: رائٹرز
کمپنی نے کہا کہ اس نے اپنی تاریخ میں اب تک کے سب سے زیادہ سہ ماہی عبوری نقد منافع 4 روپے 5 پیسے فی حصص دیا — فائل فوٹو: رائٹرز

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے منافع میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بنیادی وجہ اس کے کنوؤں کی بندش، شرح تبادلہ میں اضافہ اور عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 31 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران مجموعی طور پر بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) 82 ارب 50 کروڑ روپے رہا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 123 ارب 30 کروڑ روپے تھا، جو 33 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) گزشتہ سال کے 158 ارب 30 کروڑ روپے کے مقابلے میں رواں سال 155.8 ارب روپے رہا۔ کمپنی نے مالی سال 25 کی پہلی ششماہی میں 206 ارب 40 کروڑ روپے کی مجموعی سیلز آمدنی درج کی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 235 ارب 40 کروڑ روپے کے مقابلے میں 12.3 فیصد کم ہے۔

کمپنی نے فروخت میں کمی کی بنیادی وجہ مجبوری میں پیداوار میں کمی کے ساتھ ساتھ خام تیل کی اوسط قیمت میں کمی کو قرار دیا، جس کی وجہ کمزور طلب، تذویراتی جغرافیائی سیاسی مسائل اور بڑی معیشتوں میں سست معاشی سرگرمیاں ہیں۔

اس کے علاوہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے سے بھی کمپنی کی فروخت متاثر ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ٹیکسوں میں اضافے کی وجہ سے منافع متاثر ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 35 ارب روپے کے مقابلے میں 73 ارب روپے تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ او جی ڈی سی ایل کے مالی اخراجات میں اضافے کی وجہ سے بھی دو کنوؤں کو خشک قرار دیا گیا، اور انہیں بند کر دیا گیا ہے۔

اس طرح رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 33 فیصد کم ہو کر 19 روپے 17 پیسے رہ گئی، جو گزشتہ سال 28 روپے 67 پیسے تھی۔

اس کے باوجود بورڈ نے جون 2025 کو ختم ہونے والے سال کے لیے 4 روپے 5 پیسے فی حصص (40.5 فیصد) کے دوسرے عبوری نقد منافع کی منظوری دی، جو مالی سال کے دوران پہلے ہی اعلان اور ادا کیے جانے والے 3 روپے فی حصص (30 فیصد) کے علاوہ ہے۔

اس طرح مجموعی ای پی ایس گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 4 روپے 10 پیسے کے مقابلے میں اب تک 7 روپے 5 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔

ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ اس نے اپنی تاریخ میں اب تک کے سب سے زیادہ سہ ماہی عبوری نقد منافع 4 روپے 5 پیسے فی حصص کا اعلان کیا ہے، اس نے 62 فیصد کا مجموعی منافع مارجن اور 40 فیصد کا خالص منافع مارجن برقرار رکھا، جو اس کی آپریشنل کارکردگی اور لاگت کے انتظام کی تصدیق کرتا ہے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی تینوں مصنوعات خام تیل، قدرتی گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی، تاہم او جی ڈی سی ایل نے ملک کی خام تیل کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 48 فیصد، قدرتی گیس کی پیداوار میں 28 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 34 فیصد حصہ ڈالا ہے۔

اس مدت کے دوران کمپنی کی اوسط یومیہ خالص قابل فروخت پیداوار مضبوط رہی۔

خام تیل کی پیداوار گزشتہ سال کے 32 ہزار 984 بیرل کے مقابلے میں 31 ہزار 477 بیرل یومیہ رہی اور قدرتی گیس کی پیداوار گزشتہ سال کے 716 ایم ایم سی ایف ڈی کے مقابلے میں کم ہوکر 672 ملین مکعب فٹ یومیہ (ایم ایم سی ایف ڈی) رہ گئی۔

مزید برآں 31 دسمبر 2024 تک ایل پی جی کی پیداوار اوسطا 629 ٹن یومیہ تھی، جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 724 ٹن ایل پی جی کی پیداوار ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اپریل 2025
کارٹون : 5 اپریل 2025