• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:26pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:26pm

خیبرپختونخوا: مالاکنڈ اورہزارہ ڈویژن میں شدید برفباری، اہم سڑکیں بلاک، نظام زندگی متاثر

شائع March 3, 2025
— فائل فوٹو: فیس بک
— فائل فوٹو: فیس بک

خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں اتوار کی شام سے مسلسل بارش اور برف باری سے نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا اور قراقرم ہائی وے اور ریجن کی متعدد اہم سڑکیں بلاک ہو گئیں۔

خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی مقامات پر شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اور گزشتہ 2 روز کے دوران 2 انچ سے ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ مسلسل موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں قراقرم ہائی وے سمیت اہم سڑکیں بلاک ہو گئیں۔

ایڈیشل ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان خرم رحمٰن جدون نے ڈان کو بتایا کہ بالائی کوہستان کے علاقے شیتیال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے بلاک ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لینڈ سلائیڈنگ نے شاہراہ قراقرم کو اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کوہستان کے بالائی علاقوں کے درمیان ہر قسم کی ٹریفک مکمل طور پر منقطع کر دیا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں وہ گلگت بلتستان کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اسے منسوخ کردیں کیونکہ وہ مصیبت میں پڑ سکتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے مسافروں کو بارشیں رکنے کے بعد جانے کی ہدایت کی جائے گی کیونکہ بارش کے دوران قراقرم ہائی وے پر نقل و حرکت خطرناک ہوتی ہے اور عام طور پر مٹی کے تودے گرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ گلیات میں گزشتہ رات موسم سرما کی شدید ترین برف باری ہوئی، جو سحری کے وقت شروع ہوئی، گلیات میں اب تک تقریباً 12 سے 16 انچ تک برف پڑ چکی ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے فیلڈ اسٹاف اور مشینری نے آج صبح برف صاف کرنے کا کام شروع کیا تاکہ سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے ہموار سڑک تک رسائی کو یقینی بنایا جاسکے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر شہزاد خان نے ڈان کو بتایا کہ 26 فروری سے 3 مارچ تک صوبے بھر میں بارشوں سے متعلق واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 9 دیگر زخمی ہوئے۔

ان کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 دنوں میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں بارشوں سے 14 مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، دیر اپر، دیر لوئر، چترال، کوہستان، بٹگرام اور تورغر میں حالیہ موسم میں شدید برف باری ہوئی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 مارچ 2025
کارٹون : 3 مارچ 2025