پی ایچ ڈی کے طالب علم نے ذہنی تناؤ کے شکار مریضوں کیلئے مائیکرو نیڈل پیچ تیار کرلیا
جامعہ کراچی میں شعبہ فارمیسی کے طالب علم کی تحقیق نے سب کو حیران کردیا، پی ایچ ڈی کے طالب علم محمد سکندر نے ذہنی تناؤ کے شکار مریضوں کے لیے مائیکرو نیڈل پیچ تیار کرلیا، جس کا اثر اس مرض کے لیے تجویز کردہ ٹیبلٹس (گولیوں) سے کہیں زیادہ ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق انسانی جسم میں جلد کی اوپری تہہ کے بعد والی تہہ تک مائیکرو نیڈل کے ذریعے ذہنی تناؤ کی دوا کی مطلوبہ ڈوز کامیابی سے پہنچانے کا تجربہ بھی کرلیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کے شعبہ فارمیسی کے طالب علم کا تیار کردہ سوئیوں کا پیچ جلد پر چسپاں کیا جاسکے گا اور دوا جلد کے ذریعے جسم تک پہنچائی جاسکے گی، اس عمل کی افادیت منہ سے کھانے والی دوا سے کہیں زیادہ ہوگی۔
یہ پیچ انسانی جسم میں دوا کی مکمل خوراک بھیج کر زیادہ نتائج دے گا۔
دوا کی افادیت سے متعلق شعبہ فارمیسی کے سربراہ حارث شعیب اور جامعہ کراچی میں شعبہ تحقیق کی ڈائریکٹر سیدہ حور العین نے بتایا کہ دوا کے تجرباتی مراحل مکمل ہونے کے بعد اس کو فارما کمپنیوں تک پہنچایا جائے گا۔
جامعہ کراچی میں ہونے والی اس تحقیق کا فنڈ وفاقی و صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔