’اچھے لباس والی خواتین کو انعام‘ فہد مصطفیٰ کے گیم شو پر تنقید
فہد مصطفیٰ کے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ میں خواتین کی جانب سے اچھا لباس پہننے کے نئے سیگمنٹ کو شروع کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
’جیتو پاکستان‘ نامی گیم شو کا شمار ملک کے مقبول ترین شوز میں ہوتا ہے اور یہ شو گزشتہ 11 سال سے مسلسل نشر ہوتا آ رہا ہے۔
پروگرام کو ماضی میں بھی متنازع سیگمنٹ شامل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم حال ہی میں شو میں شروع کیے گئے نئے سیگمنٹ پر صارفین نے اظہار برہمی کیا۔
گیم شو میں ’اچھا لباس پہن کر آنے والی خواتین‘ کو انعام دینے کا نیا سیگمنٹ شروع کیا گیا، جس پر صارفین نے میزبان اور ٹی وی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
پروگرام کے نئے سیگمنٹ میں شو میں شریک ہونے والی کسی ایک خاتون کو اچھا لباس پہننے پر انعام دیا گیا، جس پر صارفین نے میزبان کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سیگمنٹ کے تحت گیم شو میں شامل مہمانوں نے شو میں اچھا لباس پہن کر شریک ہونے والی چار خواتین کو بلایا، جس میں سے ایک خاتون کو انعام دیا گیا۔
جیتنے والی خاتون کا فیصلہ شو میں موجود باقی شائقین نے تالیاں بجا کر کیا۔
شو میں مذکورہ سیگمنٹ کو شامل کرنے پر فہد مصطفیٰ اور ٹی وی چینل انتطامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صارفین نے گیم شو ہی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعض افراد نے فہد مصطفیٰ کو سمجھایا کہ اچھا نہیں بلکہ مہذب لباس بولیں اور مہذب لباس پہننے والی خاتون کو ہی انعام دیں۔
کچھ افراد نے نئے سیگمنٹ کو فضول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جن بچیوں کو ایسے انعامات کی ضرورت ہے، انہیں دیے جائیں تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
بعض صارفین نے لکھا کہ دوسروں کے گریبان میں جھانکنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
کچھ لوگوں نے سیگمنٹ کو بیہودہ قرار دیا اور اس بات پر بھی اظہار برہمی کیا کہ رمضان المبارک میں ایسے پروگرامات نشر کیے جا رہے ہیں۔
بعض صارفین نے یہ بھی لکھا کہ اگر خواتین کو انعام دینا ہی ہے تو حجاب پہن کر آنے والی خواتین کو منتخب کریں۔