ٹک ٹاک کی فروخت کے لیے چار گروپس سے مذاکرات چل رہے، ڈونلڈ ٹرمپ

شائع March 11, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی فروخت کے لیے چار گروپوں سے مذاکرات جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں چار مختلف گروپوں سے ٹک ٹاک کی فروخت کے مذاکرات کی تصدیق کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چاروں گروپوں کی پیش کش اچھی ہے اور تمام گروپوں سے مذاکرات درست انداز میں چل رہے ہیں۔

انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ٹک ٹاک کی فروخت کا معاملہ طے پاجائے گا۔

اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کی فروخت سے متعلق چار گروپوں سے بات چیت جاری رہنے کی تصدیق کی مگر انہوں نے کسی کی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی خریداری کی دوڑ میں شامل گروپوں میں مائیکرو سافٹ کمپنی سمیت دیگر گروپس شامل ہیں۔

ٹک ٹاک کو مائیکرو سافٹ، ریڈٹ کے شریک بانی سمیت ارب پتی امریکی افراد کے گروہ اور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ سمیت دیگر افراد اور ادارے خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور زیادہ تر نے اپنی بولیوں کی تفصیلات وائٹ ہاؤس کو بھجوا رکھی ہیں۔

ٹک ٹاک کی فروخت امریکی صدارتی ہاؤس کے ذریعے ہونے کا امکان ہے، تاہم کسی بھی کمپنی یا فرد کو فروخت کے لیے ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کی رضامندی ضروری ہوگی۔

امریکی حکومت نے قانون بنا رکھا ہے کہ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو کمپنی کسی بھی امریکی فرد یا کمپنی کو فروخت کرے، دوسری صورت میں ایپ پر امریکا میں پابندی عائد کردی جائے گی۔

قانون کے تحت امریکا میں ٹک ٹاک پر 19 جنوری 2025 کو پابندی عائد ہوگئی تھی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپ کی پابندی 75 دن تک منسوخ کردی تھی۔

اب ٹک ٹاک کو ہر حال میں امریکی آپریشنز کو آئندہ ماہ اپریل تک کسی بھی امریکی فرد یا کمپنی کو فروخت کرنے ہوں گے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025