ایران کی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت
ایران کی جانب سے بلوچستان میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تہران مسافروں کے خلاف دہشت گرد کارروائی کی سختی سے مذمت کرتا ہے، شہریوں کے خلاف پر تشدد اقدامات بزدلانہ جرم ہیں۔
ایرانی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا، شہریوں کے خلاف پرتشدد اقدامات اور اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کرنا انسانیت کے خلاف بزدلانہ جرم ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اب تک 80 یرغمالیوں کو رہا کروادیا بلوچستان کے ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ رہائی پانے والے 80 یرغمالی پانیر سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
مزید بتایا کہ انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، دہشت گردوں نے معصوم مسافروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی بھی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔