• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کے بعد ایک ساتھ پہلی بار گیم شو میں شرکت

شائع March 12, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی کے بعد پہلی بار ایک ساتھ گیم شو میں شرکت کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

دونوں نے حال ہی میں اے آر وائے کے گیم شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی اپنی گیمز ٹیمز کی کپتانی کی۔

گیم شو میں ہونے والے مقابلوں میں شعیب ملک اور ان کی ٹیمیں جیت گئیں، جب کہ ثنا جاوید کی جانب سے جان بوجھ کر شوہر کو جتوانے کے دعوے کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

اے آر وائے کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ثنا جاوید اور شعیب ملک کو گیم شو کے سیٹ کے ایک کمرے میں باتیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر شوہر کو جتوایا۔

ثنا جاوید کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کا بھرم رکھا، دیکھا کہ ان کے شوہر ہار رہے ہیں، اس لیے انہوں نے کم اسکور کرکے تمام گیمز شوہر کو جتوادیں۔

دونوں کی جانب سے شادی کے بعد پہلی بار گیم شو میں شرکت پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ایک بار پھر دونوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

زیادہ تر افراد نے ان کی ویڈیوز پر تبصرے کرتے ہوئے ثنا جاوید کے لیے سخت زبان کا استعمال کیا اور زیادہ تر خواتین نے لکھا کہ کرکٹر سے شادی کے بعد اداکارہ انہیں زہر لگنے لگی ہیں۔

جہاں صارفین نے دونوں کی گیم شو میں شرکت پر تنقید کی، وہیں بعض صارفین نے دونوں کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں ایک ساتھ اچھے لگتے ہیں۔

خیال رہے کہ دونوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ان کے درمیان فہد مصطفیٰ کے اسی گیم شو ’جیتو پاکستان‘ میں ہی تعلقات استوار ہوئے، جس کے بعد دونوں نے اپنی پہلی شادیاں طلاق پر ختم کرکے جنوری 2024 میں ایک دوسرے سے شادی کرلی۔

شادی کے ایک سال بعد اب دونوں نے پہلی بار ایک ساتھ اسی گیم شو میں شرکت کی، جہاں وہ شادی سے پہلے ایک ساتھ شرکت کیا کرتے تھے اور مبینہ طور پر ان کے درمیان اسی شو میں تعلقات استوار ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 14 مارچ 2025
کارٹون : 13 مارچ 2025