حسن شہریار یاسین کا ’ڈیلی بوائز‘ سے ہولی وڈ ڈیبیو
مقبول فیشن ڈیزائنر، ٹی وی میزبان اور اداکار حسن شہریار یاسین المروف ایچ ایس وائے نے امریکی ویب سیریز ’ڈیلی بوائز‘ سے ہولی وڈ کیریئر کا آغاز کردیا۔
ڈان امیجز کے مطابق ایچ ایس وائے نے نہ صرف ڈیلی بوائز نامی ویب سیریز میں اداکاری کی ہے بلکہ انہوں نے مذکورہ سیریز کے بعض اداکاروں کے لیے لباس بھی تیار کیا ہے۔
حسن شہریار یاسین نے ’ڈیلی بوائز‘ کے مرکزی اداکاروں کے آٹھویں اور نویں قسط کے لباس بھی ڈیزائن کیے جب کہ انہوں نے انہی اقساط میں کردار بھی ادا کیا ہے۔
حسن شہریار حسین نے ویب سیریز کے مرکزی اداکاروں کے ہمراہ بنائی گئی ویڈیوز کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔
’ڈیلی بوائز‘ کو 6 مارچ کو ڈزنی پلس اور ہولو ٹی وی پر ریلیز کیا گیا، اس کی تمام قسطیں ایک ساتھ جاری کی گئی تھیں۔
پاکستانی نژاد بھائیوں اور ان کے والد کے غلط کاروبار کے گرد گھومتی کہانی پر بنائی گئی ویب سیریز کی ہدایات احمد ابراہیم اور جینی کونر نے دی ہے۔
ویب سیریز کی کاسٹ میں آصف علی، ساگر شیخ، پورنا جگن ناتھ اور زین صالح سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ویب سیریز کی کہانی پاکستانی نژاد دو بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو اسٹور چلانے والے اپنے والد کے انتقال کے بعد کاروبار کو سنبھالتے ہیں تو انہیں منشیات فروشی اور ٹیکس چوری جیسے غلط کام کرنے بھی پڑتے ہیں جو کہ ان کے والد بھی کاروبار کو چلانے کے لیے کرتے تھے۔
کاروبار کو چلانے اور آگے بڑھانے کے لیے غلط کام کرنے والے دونوں بھائیوں کی کہانی میں کئی دلچسپ موڑ بھی آتے ہیں۔
ویب سیریز کو اس کی کہانی، کرداروں اور کرداروں کے جنوبی ایشیائی ثقافت سے ملتے جلتے لباس کے ڈیزائن کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے۔