عمر شہزاد نے شادی کی تفصیلات بتادیں
گزشتہ ماہ فروری میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ماڈل، اداکار و ٹی وی میزبان عمر شہزاد نے شادی کی تفصیلات بتادیں۔
عمر شہزاد نے اپنے رمضان پروگرام میں روبینہ اشرف کے سوال پر واضح کیا کہ ان کی شادی اچانک نہیں ہوئی، دونوں خاندانوں کے درمیان کچھ عرصے سے شادی کی باتیں چل رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ البتہ انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ عندیہ نہیں دیا تھا کہ وہ بھی شادی کرنے جا رہے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ نئی زندگی کی شروعات مقدس مقامات سے کریں، اس لیے انہوں نے حرم شریف میں نکاح کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں کسی بھی شوبز شخصیت کی سعودی عرب کے مقدس مقامات پر شادی کے منصوبے کا علم نہیں تھا لیکن انہوں نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ وہ وہاں شادی کریں گے۔
عمر شہزاد کے مطابق جب انہوں نے اپنی ہونے والی اہلیہ کو اپنا منصوبہ بتایا تو وہ بھی جذباتی ہوگئیں اور انہوں نے بھی مقدس مقامات پر نکاح کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کو کوئی علم نہیں تھا کہ سعودی عرب میں جاکر وہ کیسے شادی کے انتظامات کریں گے لیکن ہر چیز خود بخود ہوتی چلی گئی۔
ان کے مطابق ان کے بھائی اور بھابھی جرمنی سے سعودیہ پہنچے جب کہ ان کے اور ان کے سسرال کے خاندان کے تقریبا 20 افراد بھی سعودیہ پہنچے۔
عمر شہزاد کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ میں نکاح کرنا آسان نہیں، وہاں سخت شرائط اور سیکیورٹی ہوتی ہے لیکن اس باوجود ان کا نکاح وہیں ہوا۔
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے اچانک اور خاموشی سے شادی کی۔
عمر شہزاد نے اگرچہ شادی کی تفصیلات بتائیں لیکن انہوں نے اپنی اہلیہ سے متعلق کوئی معلومات نہیں بتائی۔
عمر شہزاد نے 25 فروری کو خانہ کعبہ میں اہلیہ کے ہمراہ کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نکاح کی تصدیق کی تھی۔
عمر شہزاد نے سوشل میڈیا انفلوئنسر شانزے لودھی سے شادی کی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں۔