ایمن خان شوبز میں واپسی پر تذبذب کا شکار
مقبول اداکارہ، و ماڈل ایمن خان نے ڈراموں میں واپسی پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈراموں میں اداکاری کا ارادہ کرتی ہیں لیکن ان کی واپسی نہیں ہوپاتی، تاہم وہ چاہتی ہیں کہ وہ دوبارہ ڈراموں میں کام کرنے لگیں۔
ایمن خان نے حال ہی میں گرین ٹی وی کے رمضان شو میں شرکت کی، جہاں میزبان رابعہ انعم نے ان سے ڈراموں میں واپسی سے متعلق سوال کیا۔
میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کا دوبارہ اداکاری کرنے کا ارادہ ہے یا نہیں؟ عوام جاننا چاہتا ہے۔
اس پر ایمن خان نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ وہ جلد ڈراموں میں واپسی کریں گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں میں واپسی کا ارادہ کرتی ہیں لیکن اس باوجود وہ ڈراموں میں کام نہیں کرپاتیں۔
ان کے مطابق انہوں نے خود کو گھر، بچوں اور کاروبار میں اتنا مصروف کرلیا ہے کہ انہیں ڈراموں میں کام کرنے کی کمی یا ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ویسے بھی ان کے ڈرامے اب تک بار بار ٹی وی اور سوشل میڈیا پر نشر ہوتے رہتے ہیں، اس لیے عوام کو بھی کمی محسوس نہیں ہوتی۔
ایمن خان نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد ڈراموں میں واپسی کریں گی اور ساتھ ہی کہا کہ اگر انہیں کسی مختصر منصوبے میں کام کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور واپسی کریں گی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ویسے بھی اداکاری کی کمی محسوس نہیں ہوتی، کیوں کہ ان کے گھر میں ایک اداکار موجود ہے۔
ایمن خان نے ڈراموں سے دوری کو اہل خانہ، کاروبار اور بچوں سے جوڑا اور کہا کہ انہیں بچوں اور کاروبار کی وجہ سے وقت نہیں مل پاتا لیکن اگر کسی چھوٹے منصوبے میں کام کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور سوچیں گی۔
ایمن خان کا آخری ڈراما ان کی شادی سے قبل 2018 میں ریلیز ہوا تھا، اس کے بعد گزشتہ سات سال سے انہیں ڈراموں میں نہیں دیکھا گیا۔
ایمن خان اور ان کی بہن منال خان نے بچپن میں بطور چائلڈ ایکٹر کیریئر کا آغاز کیا تھا، ابتدائی طور پر دونوں بہنیں اشتہارات میں دکھائی دیتی تھیں۔
ایمن خان نے ڈراموں میں بطور مرکزی اداکارہ 2013 میں کام کرنا شروع کیا اور 2018 میں ساتھی اداکار منیب بٹ سے شادی کے بعد اسکرین سے دور ہوگئیں۔
ایمن خان کے ہاں 2019 میں پہلے اور 2023 میں دوسرے بچے کی پیدائش بھی ہوئی، جس وجہ سے بھی وہ ڈراموں میں واپس نطر نہ آئیں، تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں جب کہ متعدد ٹی وی شوز اور تقریبات میں بھی دکھائی دیتی ہیں۔