• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

دانش تیمور نے ’فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں‘ اور زائد شادیوں کے بیان پر معافی مانگ لی

شائع March 20, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار دانش تیمور نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت ہونے اور فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں کے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ شاید ان کی زبان پھسل گئی تھی۔

دانش تیمور نے انسٹاگرام پر مختصر وضاحتی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے رمضان شو میں کہی گئی اپنی بات پر شائقین سے معافی مانگی۔

انہوں نے شائقین کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ ان کے اور ان کی اہلیہ کے درمیان کوئی بھی مسئلہ نہیں، دونوں خوش زندگی گزار رہے ہیں جب کہ ان کی بھی مزید شادیاں کرنے کی کوئی نیت نہیں۔

دانش تیمور کے مطابق وہ معمول کی زندگی میں بھی ’فی الحال‘ لفظ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، کیوں کہ وہ صرف اور صرف حال پر یقین رکھتے ہیں، انہیں مستقبل کا پتا نہیں ہوتا کہ کیا ہوگا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ تاہم انہیں احساس ہے کہ انہیں مذکورہ گفتگو کے دوران ’فی الحال‘ کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا، ان کے الفاظ کا انتخاب غلط تھا یا پھر شاید ان کی زبان پھسل گئی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ کچھ لوگ ان سے ناراض ہیں، وہ ان سے معافی کے طلب گار ہیں، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی ان سے ناراض رہے۔

دانش تیمور کے مطابق وہ لوگوں کو ناراض نہیں بلکہ خوش رکھنا چاہتے ہیں، کیوں کہ ان کی زندگی کا مقصد ہی لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہے، انہوں نے اپنی زندگی اسی کام کے لیے وقف کر رکھی ہے۔

اداکار نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے اپنی بیوی کی عزت نہیں کی، وہ غلط ہیں، ایسا کچھ بھی نہیں، ان کے اور عائزہ کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی آج تک ان کا کوئی ایسا تنازع سامنے آیا۔

اس سے قبل بھی دانش تیمور نے اپنی میزبانی میں نشر ہونے والے رمضان شو میں واضح کیا تھا کہ ان کی جانب سے مرد کو چار شادیوں کی اجازت کی بات کا مطلب غلط سمجھا گیا، ان کا مزید شادیاں کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ان کے بیان کو غلط سمجھا گیا۔

تاہم لوگوں کی تنقید کے بعد انہوں نے پروگرام میں اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب بھی اپنے بیان پر بضد اور قائم ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر دہرایا تھا کہ خدا نے انہیں چار شادیوں کی اجازت دی ہے لیکن وہ کر نہیں رہے، کیوں کہ انہیں اپنی بیوی سے محبت ہے اور وہ ان کی عزت کرتے ہیں۔

اس سے قبل دانش تیمور نے گرین ٹی وی پر نشر ہونے والے رمضان شو میں بیوی عائزہ خان کی موجودگی میں کہا تھا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن یہ حقیقت ہے کہ خدا تعالیٰ نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور جب خدا کسی کو اجازت دے تو کسی اور کی اجازت کی ضرورت نہیں رہتی۔

دانش تیمور نے مزید کہا تھا کہ انہیں خدا کی طرف سے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ کر نہیں رہے۔

اداکار نے کہا تھا کہ یہ ان کا پیار اور عزت ہے، اس لیے مزید شادیاں نہیں کر رہے اور یہ کہ فی الحال وہ عائزہ خان کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

ان کی جانب سے ایسا بیان دیے جانے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا اور صارفین نے ان کے ’فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں‘ کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 مارچ 2025
کارٹون : 26 مارچ 2025