پاکستان چھوڑ کر بھارت پہنچنے والی سیما حیدر کے ہاں بیٹی کی پیدائش
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی لڑکے کی محبت میں دو سال قبل پاکستان چھوڑ کر بھارت پہنچنے والی سیما حیدر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سیما حیدر نے اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئڈا کے نجی ہسپتال میں بیٹی کو جنم دیا۔
سیما حیدر اور ان کے بھارتی محبوب سچن مینا کے وکیل نے تصدیق کی کہ جوڑے کے ہاں 18 مارچ کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور اب زچہ و بچہ بالکل خیریت سے ہیں۔
دونوں کے وکیل نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والی بیٹی کا اچھا نام تجویز کریں۔
سیما حیدر جولائی 2023 میں نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اترپردیش کے نوجوان سچن کے ساتھ رہائش اختیار کی تھی اور بعد ازاں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہندو رسومات کے مطابق نوجوان سے شادی بھی کرلی۔
سیما غلام حیدر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی رہائشی ہیں اور وہ بچوں سمیت وہاں جاپہنچی تھیں، ان کے شوہر غلام حیدر جکھرانی سعودی عرب میں کماتے تھے، جنہوں نے متعدد بار بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ سیما حیدر کو ملک بدر کیا جائے۔
سیما حیدر کے بھارت پہنچنے کے بعد وہاں کے سیکیورٹی اداروں نے انہیں گرفتار بھی کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
سیما حیدر نے انٹرویوز میں بتایا تھا کہ پب جی گیم کھیلنے کے دوران ان کا رابطہ بھارتی نوجوان سے ہوا تھا، بعد ازاں محبت ہوجانے پر وہ بچوں کے ہمراہ بھارت پہنچیں اور وہیں رہ گئیں۔
سیما حیدر بھی تسلیم کرتی رہی ہیں کہ ان کی پہلی شادی غلام حیدر سے ہوئی، جن سے انہیں بچے بھی ہیں لیکن اب وہ مزید زندگی ان کے ساتھ گزارنا نہیں چاہتی اور وہ بھارت کی شہری بن کر رہنا چاہتی ہیں۔
سیما حیدر اور سچن مینا کی محبت کے معاملے اور پاکستانی خاتون کے بھارت پہنچنے پر براہ راست دونوں ممالک کی مرکزی اور وفاقی حکومتوں نے کبھی بیان نہیں دیا۔