• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:35pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 4:41pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:35pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 4:41pm

تھوک سے بال چمکانے پر پابندی ختم، پاکستانی باؤلرز کا خیر مقدم

شائع March 22, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں تھوک سے بال چمکانے پر پابندی ختم کرنے کو باؤلرز کے لیے اچھا فیصلہ قرار دیا ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آئی پی ایل 2025 میں باؤلرز کو تھوک سے گیند چمکانے کی اجازت دے دی گئی۔

جمعرات کو ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ہیڈکوارٹر میں آئی پی ایل کے تمام کپتانوں نے تھوک سے گیند چمکانے پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

آئی پی ایل فرنچائز کے متعد کپتانوں کا موقف تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی کی وجہ سے باؤلرز کو ریورس سوئنگ کی سہولت نہیں مل رہی جو اب وائٹ بال کرکٹ میں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے اور ویسے بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 گیندوں کا استعمال ہوتا ہے۔

آئی پی ایل فرنچائز گجرات ٹائٹنز کے فاسٹ باؤلر محمد سراج نے کپتانوں کی رائے سے اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا ’یہ باؤلرز کے لیے بہت اچھی خبر ہے کیوں کہ جب گیند باؤلرز کو مدد نہیں دے رہی ہوتی تو ایسے میں تھوک لگاکر ریورس سوئنگ کی جاسکتی ہے کیوں کہ گیند کو شرٹ یا پسینے سے چمکانے سے ریورس سوئنگ نہیں ہوتی لیکن تھوک سے گیند چمکانے سے ریورس سوئنگ میں مدد ملتی ہے۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کورونا کے دوران پہلی بار مئی 2020 میں گیند کو تھوک سے چمکانے پر عارضی پابندی عائد کی گئی تھی اور پھر ستمبر 2022 میں اس پابندی کو مستقل کردیا گیا تھا۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق باؤلرز کو پسینے سے گیند چمکانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم متعدد کھلاڑیوں کی جانب سے اس کے خلاف آواز اٹھائی گئی تھی، بھارت کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا نے مطالبہ کیا تھا کہ گیند سے مدد حاصل کرنے کے لیے باؤلرز کو کوئی متبادل فراہم کرنا چاہیے اور تھوک کی جگہ کوئی مصنوعی چیز ہونی چاہیے۔

حال ہی میں بھارت کے ایک اور فاسٹ باؤلر محمد شامی نے آئی سی سی پر زور دیا تھا کہ وہ گیند کو چمکانے کے لئے تھوک کے استعمال پر عائد پابندی کو ختم کرے۔

چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی جیت کے بعد شامی نے نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ ہم ریورس سوئنگ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن گیند پر تھوک کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپیل کرتے رہتے ہیں کہ ہمیں تھوک استعمال کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم ریورس سوئنگ کو کھیل میں واپس لاسکیں اور یہ دلچسپ ہوجائے۔ انہیں ورنن فلینڈر اور ٹم ساؤتھی کی شکل میں دو سابق بین الاقوامی گیند بازوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے کہا کہ یہ اصول کورونا وائرس کے دوران لایا گیا تھا تاکہ اس وبا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے تاہم اب ہر فارمیٹ میں بلے بازوں کو زیادہ فائدہ دیا جاتا ہے اس لیے مجھے لگتا ہے کہ باؤلرز کے حق میں بھی کچھ ہونے کی ضرورت ہے اور مجھے سمجھ نہیں آتا ہے کہ یہ پابندی اب ختم کیوں نہیں کیا جاتی۔

دوسری جانب، جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی پابندی کی وجہ سے گیند کو پسینے سے چمکاتے ہیں لیکن تھوک سے گیند جلدی چمکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی سی یہ پابندی ختم کردیتا ہے تو گیند کو بہتر طریقے سے چمکایا جاسکتا ہے جس سے باؤلر کو مدد حاصل ہوگی لیکن اس کے باوجود لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرنا ہوگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھوک سے گیند جلدی چمکتی ہے، کہا جاتا ہے کہ اب پہلے جیسے باؤلنگ نہیں ہوتی مگر تھوک سے گیند چمکانے کی اجازت ملنے کے بعد باؤلنگ بھی پہلے جیسے ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025