چیمپئنزٹرافی: اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے کے پیچھے کون تھا، سی او او پی سی بی نے بتادیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے دوران میں دبئی میں موجود تھا لیکن اس کے باوجود پاکستان کو نمائندگی نہیں دی گئی، جب کہ اس کے پیچھے جو ہاتھ کار فرما ہیں وہ سب جانتے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر ، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید، خواتین کرکٹ ونگ کی سربراہ رافعہ حیدر اور سینئر جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیا نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سمیر احمد سید کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے دوران میں وہاں موجود تھا مگر مجھے اسٹیج پر نہیں بلایا گیا، ہم نے آئی سی سی سے احتجاج کیا تھا مگر انہوں نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسے انتظامی بدنظمی کہیں گے اور اس کے پیچھے جو ہاتھ کار فرما ہیں وہ سب جانتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں لیکیج کو تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں، قذافی اسٹیڈیم میں جہاں جہاں لیکیج ہوئی اس کی ٹھیکیدار سے مرمت کروائی، اسٹیڈیم میں روف ٹریٹمنٹ میں کوتاہی ہوئی تھی، ٹھیکیدار سے نقصان کا ازالہ بھی کرایا ہے۔
دوسری جانب، چیئرمین پی سی بی کے مشیر عامر میر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیے جارہے ہیں، اسکول اور کالج لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد گراس روٹ لیول سے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے، چھوٹی عمر سے ٹیلنٹ تلاش کرنا کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس کو بھی مزید بہتر کرنا ہے، اگلے مہینے سے رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔
کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان
عامر میر کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے بعد کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا، ستمبر میں 40 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ ہو گا، اس کے لیے کمرشل سپانسرز کو بھی لائیں گیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنلز کے لئے لائیو براڈکاسٹنگ بھی ہو گی، اس پروگرام سے گراس روٹ لیول سے ہمارا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، جو ٹیلنٹ سامنے آئے گا ان کو مختلف کیٹیگریز کےکیمپس میں بھی بلایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا کا مقصد یہ کہ کہ کھلاڑیوں میں صحت مند رجحان پیدا ہوں، اسکول اور کالج لیول سے ہماری کرکٹ ختم ہوتی جا رہی ہے، اسی لئے خصوصی طور پر ان کو ٹارگٹ کیا تاکہ وہاں سے ہمیں نیا ٹیلنٹ ملے۔
پی سی بی خواتین کرکٹ ونگ کی سربراہ رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کے لئے بھی کالج اور یونیورسٹی لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کریں گے، خواتین کھلاڑیوں کی رجسٹریشن بھی اسی پورٹل سے ہو گی، اس کا مقصد خواتین کو زیادہ سے زیادہ کرکٹ کی طرف راغب کرنا ہے۔