محمد رضوان نے نسیم شاہ کو اپنا موبائل گفٹ کردیا
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانگی کے وقت ایئرپورٹ پر قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نسیم شاہ کو اپنا فون گفٹ کردیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگیا، ایئرپورٹ پر نسیم شاہ کا موبائل فون توڑنے والے محمد رضوان نے فاسٹ باؤلر کو اپنا فون گفٹ کردیا تاہم کچھ ہی دیر بعد ان سے موبائل واپس بھی لے لیا۔
دراصل، گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پریکٹس سیشن میں مصروف تھے۔
لاہور میں پریکس سیشن کے دوران ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان بیٹنگ کررہے ہوتے ہیں اور اس دوران وہ واپڈا کے ایک فاسٹ باؤلر کو زور دار ہٹ لگاتے ہیں جس سے گیند اسٹیڈیم کے باہر چلی جاتی ہے۔
پویلین میں نسیم شاہ دیگرکھلاڑیوں کے ہمراہ موجود تھے جو گیند سے خود کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ایسے میں محمد رضوان کی یہ ہٹ نسیم شاہ کے موبائل فون پر لگتی ہے جس سے ان کی اسکرین ٹوٹ جاتی ہے۔
موبائل پر گیند لگتے ہی نسیم شاہ پریشان ہوجاتے ہیں اور غصے میں اپنا ٹوٹا ہوا موبائل محمد رضوان کو لہرا کر دکھاتے ہیں۔
آج، نیوزی لینڈ روانگی کے موقع پر ایک مداح نے نسیم شاہ سے پوچھا ’کیا آپ کا موبائل ٹوٹ گیا تھا؟
نسیم شاہ نے محمد رضوان کی جانب اشارہ کیا کہ کل ہی انہوں نے میرا موبائل توڑا ہے، جس پر محمد رضوان نے اپنا موبائل فون فاسٹ باؤلر کو دے دیا اور نسیم شاہ نے موبائل لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور شکریہ بھی ادا کیا۔
تاہم، کچھ ہی دیر بعد محمد رضوان نے ان سے دوبارہ اپنا موبائل واپس لے لیا۔
ایک اور مداح نے محمد رضوان سے سوال کیا کہ آپ نے نسیم شاہ کو موبائل گفٹ کیا یا نہیں؟
محمد رضوان نے جواب دیا کہ دراصل اس میں میرا ٹکٹ ہے اور بورڈنگ کے بعد وہ موبائل دوبارہ نسیم شاہ کو دے دیں گے، اور اس دوران وہ مسکراتے رہے۔
ساتھ کھڑے نسیم شاہ نے سوال کیا ’آپ میرے ٹوٹے ہوئے موبائل کی اسکرین تبدیل کروائیں گے یا نیا موبائل فون دیں گے؟ جس پر رضوان نے کہا جی جی انشااللہ۔