شعیب اختر نے سہواگ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کروانے کی پیشکش کیوں کی؟
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے سابق بھارتی اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ کی ایک ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کروانے کی پیشکش کردی۔
سوشل میڈیا پر بھارت کے سابق کرکٹر وریندر سہواگ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بار بار ’300‘ کا تذکرہ کررہے ہیں جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا رد عمل وائرل ہوگیا۔
دراصل، وریندر سہواگ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیو ایک کمرشل کی ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف 2004 میں ملتان میں کھیلی گئی 300 رنز کی اننگز کا تذکرہ کررہے ہیں۔
پاکستانی اسپیڈ اسٹار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وریندر سہواگ کو جواب دیتے ہوئے کہا ’سوشل میڈیا پر ویرو پاجی کی ایک ویڈیو دیکھی جس میں اس کی باتیں سن سن کر تنگ آگیا ہوں‘ ۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وریندر سہواگ 20 سال سے ایک ہی بات بولتے جارہے ہیں ’300، 300، 300‘، ارے بھائی میں بھی وہی تھا جب تم نے ٹرپل سینچری بنائی تھی اور آپ نے بہت اچھا کھیلا تھا لیکن بھائی رمضان چل رہا ہے، روزے میں دماغ ویسے کام نہیں کررہا ہوتا، بس کردے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے وریندر سہواگ کو پیشکش کی ’اگر تجھے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں انٹری چاہیے اس 300 کی تو وہ میں کرواسکتا ہوں کہ دنیا میں سب سے زیادہ 300،300 کا ذکر کرنے والا شخص وریندر سہواگ ہے۔
یاد رہے کہ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے تیز گیند پھینکنے کا ریکارڈ شعیب اختر کے پاس ہے، ان کی تیز ترین ڈیلوری 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جو انہوں نے 2003 کے ون ڈے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف کروائی تھی اور یہ ریکارڈ آج تک برقرار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیکھ بھائی تو جانتا ہے میرا تعلق ہے اور، میرے پاس ایک اصلی والا ریکارڈ ہے، تو جانتا ہے نہ کون سا ۔۔۔۔۔
واضح رہے کہ 2004 میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان میں وریندر سہواگ نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 309 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔