عمران ہاشمی نے جاوید شیخ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی
بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے لیجنڈ پاکستانی اداکار جاوید شیخ کی جانب سے نامناسب رویے کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اداکار کے ساتھ پہلی ملاقات یاد ہی نہیں۔
جاوید شیخ نے رواں ماہ مارچ کے آغاز میں ٹی وی پروگرام میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پربات کرتے ہوئے اداکار کے نامناسب رویے کا انکشاف کیا تھا۔
جاوید شیخ نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ بھارتی فلم ’جنت‘ کی شوٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن پہنچے، جہاں عمران ہاشمی بھی پہنچے اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے ساتھ اور کس کس کو فلم میں کاسٹ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ شوٹنگ کے وقت ہدایت کار نے انہیں اور عمران ہاشمی کی ملاقات کرواتے ہوئے ایک دوسرے سے تعارف کرایا اور اس دوران انہوں نے بھارتی اداکار سے ملانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا۔
انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ کہ عمران ہاشمی نے ان کے ہاتھ بڑھانے پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور منہ دوسری طرف پھیر کر بے دلی سے ان سے ہاتھ ملا کر چلے گئے، جس پر انہیں افسوس کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آیا۔
جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت کے دوسرے اداکار جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار بھی انہیں شیخ صاحب، شیخ صاحب کرکے بلاتے ہیں اور عزت دیتے ہیں لیکن عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
اور اب عمران ہاشمی نے بھی جاوید شیخ کے الزامات پر لب کشائی کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کی پاکستانی اداکار کے ساتھ دوستی نہیں تھی۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق عمران ہاشمی نے حال ہی میں اپنی سالگرہ کے موقع پر پوچھے گئے سوال پر جاوید شیخ کے ساتھ نامناسب رویے پر اپنا رد عمل دیا۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ جاوید شیخ کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے وقت بمشکل ان کی عمر 20 سال تھی جب کہ پاکستانی اداکار عمر میں ان سے بڑے تھے، اس لیے ان کے درمیان دوستانہ تعلقات نہیں تھے۔
انہوں نے جاوید شیخ کی جانب سے نامناسب رویہ اپنانے کے الزامات کو ’عجیب‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ان کے ساتھ پہلی ملاقات یاد ہی نہیں۔
عمران ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ ان کے اور جاوید شیخ کے درمیان اچھے تعلقات رہے لیکن ساتھ ہی کہا کہ عمر میں بہت زیادہ فرق ہونے کی وجہ سے ان کے درمیان دوستانہ تعلقات نہیں تھے۔
بولی وڈ اداکار کے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ جاوید شیخ کس ملاقات کی اور کس طرح کی بات کر رہے ہیں، تاہم انہیں پاکستانی اداکار کے ساتھ پہلی ملاقات یاد نہیں اور یہ کہ جاوید شیخ عمر میں ان سے بڑے تھے، اس لیے ان کے درمیان بے تکلفانہ تعلقات نہیں تھے۔
خیال رہے کہ جاوید شیخ نے عمران ہاشمی کے ساتھ 2008 کی فلم ’جنت‘ میں کام کیا تھا، مذکورہ فلم کے علاوہ بھی جاوید شیخ متعدد بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔