عمران خان کی معافی مانگنے کا سوال ہی نہیں بنتا، یہ ناممکن ہے، سلمان اکرم راجا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کی معافی مانگنے پر سوال ہی نہیں بنتا، یہ ناممکن ہے، وہ معافی نہیں مانگیں گے، کوئی سمجھتا ہے عمران خان معافی مانگیں گے تو اس کا کوئی امکان نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ باہمی رضا مندی سے آج طے ہو گیا ہے، طے ہوا ہے کہ عمران خان کے حقوق ان کو دیے جائیں گے، اور آج ان کے رفقا کی ملاقاتیں بحال کردی گئی ہیں جس کے لیے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے ساتھ ملکر نام طے کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ شرط یہ لگی ہے کہ ملاقات کرنے والے جیل سے باہر آکر سیاسی گفتگو نہیں کریں گے، ہمیں کہا گیا کہ گفتگو سے امن و امان کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے جس پر ہم نے کہا ٹھیک ہے، البتہ یہ لوگ صوبائی، قومی اسمبلی یا سینیٹ میں ہوں گے تو جہاں انہوں نے اپنا نقطہ نظر پیش کرنا ہوگا وہاں کرلیں گے اور اس سے انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔
حکومتی وزرا کی جانب سے سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی سے 9 مئی پر معافی مانگنے کے مطالبے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ یہ ناممکن ہے، اس پر کوئی سوال بھی نہیں بنتا، عمران خان کوئی معافی نہیں مانگیں گے، لیکن کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان خان کسی سے معافی مانگیں گے تو اس خیال کو خارج از امکان کردیں۔
محسن نقوی کے منظر عام پر نہ ہونے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تو وہ لوگ بہتر جانتے ہوں گے جو ان کو لے کر آئے تھے، اس میں نہ عوام کی کوئی رائے شامل ہے اور نہ سیاسی عمل شامل ہے اور جو منصوبہ سازی کرتے ہیں اگر وہ ان کے منصوبے میں فٹ ہوں گے تو ان کو رکھیں گے ورنہ نہیں۔
سیاسی جماعتوں سے مشاورت پر جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اور سندھ سمیت دیگر جماعتوں سے ہماری بہت اچھی گفتگو ہورہی ہے اور ہم فیصلہ مشاورت سے کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان دوستوں کو دعوت دے رہے ہیں جو جمہوریت اور آئین کے لیے کھڑے ہیں لیکن ملک میں لاقانونیت ہے، اغوا کاری کا سلسلہ ہے اور کچھ لوگ اس وقت مستفید ہورہے ہیں، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو اپنے رویہ اور طرز عمل پر نظرثانی کرنی ہوگی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے منگل اور جمعرات 2 دن کی ملاقات بحال کر دی۔