صادق خان کا دورہ کابل، دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اتفاق
نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان نے کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی اور وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اتفاق کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحقٰ ڈار کی ہدایت پر 21 سے 23 مارچ تک کابل کا دورہ کیا۔
دورہ کابل میں صادق خان نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی اور قائم مقام وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کے دوران فریقین نے امن و سلامتی، تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اتفاق کیا گیا جب کہ مشترکہ مفادات کی خاطر رابطے مضبوط بنانے کے لیے دیگر وسائل بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
صادق خان نے افغانستان کے ساتھ باہمی سود مند تعلقات جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سلامتی سمیت دیگر حل طلب مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
نمائندہ خصوصی نے افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ ٹرانزٹ اور رابطے کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے علاقائی تجارت اور رابطوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
بعد ازاں، اسلام آباد واپسی پر صادق خان نے وزیر خارجہ کو افغان قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے افغان فریقین کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایات جاری کیں جن میں اعلی سطح کے روابط اور تجارت اور ٹرانزٹ تعاون میں اضافہ شامل ہے۔