وائٹ ہاؤس کا یمن پر حملے کا خفیہ منصوبہ حادثاتی طور پر صحافی کو بھیجنے جانے کا انکشاف
امریکی صدارتی دفتر کی جانب سے یمن پر حملے کا خفیہ جنگی منصوبہ ایک صحافی کو بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے یمن کے حوثی باغیوں پر امریکی حملے سے کچھ دیر قبل ایک میسجنگ گروپ میں غلطی سے جنگی منصوبوں کا انکشاف کیا تھا جس میں ایک صحافی بھی شامل تھا۔
ڈیموکریٹک قانون سازوں نے فوری طور پر اس غلط اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکی قومی سلامتی کی خلاف ورزی اور قانون کی خلاف ورزی ہے جس کی کانگریس کو تحقیقات کرنی چاہیے۔
اٹلانٹک میگزین کے ایڈیٹر ان چیف جیفری گولڈ برگ نے پیر کو ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ انہیں 13 مارچ کو غیر متوقع طور پر سگنل میسجنگ ایپ پر ایک خفیہ چیٹ گروپ میں مدعو کیا گیا تھا جسے ’حوثی پی سی اسمال گروپ‘ کا نام دیا گیا تھا۔
اس گروپ میں قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے اپنے نائب الیکس وانگ کو حوثیوں کے خلاف امریکی کارروائی کو مربوط کرنے کے لیے ’ٹائیگر ٹیم‘ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔
قومی سلامتی کونسل کے ترجمان برائن ہیوز نے کہا کہ یہ چیٹ گروپ مستند معلوم ہوتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے بعد 15 مارچ کو یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی حملوں کی مہم کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے حوثیوں کے اہم حامی ایران کو متنبہ کیا تھا کہ اسے فوری طور پر اس گروپ کی حمایت روکنے کی ضرورت ہے۔
گولڈ برگ نے کہا کہ ان حملوں کے آغاز سے چند گھنٹے قبل وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیتھ نے میسجنگ گروپ میں منصوبے کے بارے میں آپریشنل تفصیلات پوسٹ کیں جس میں ’اہداف، ہتھیاروں اور حملے کی ترتیب کے بارے میں معلومات شامل تھیں‘۔
ان کی رپورٹ میں تفصیلات شامل نہیں کی گئیں لیکن گولڈ برگ نے اسے سگنل چیٹ کا حیران کن طور پر لاپروائی سے استعمال قرار دیا۔
گولڈ برگ نے لکھا کہ چیٹ گروپ میں نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف، نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر تلسی گیبارڈ، سیکریٹری خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف سوزی ویلز اور قومی سلامتی کونسل کے سینئر عہدیداروں کی نمائندگی کی گئی تھی۔
قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کے ڈائریکٹر کے لیے ٹرمپ کے نامزد امیدوار جو کینٹ بظاہر سگنل چین میں شامل تھے حالانکہ اب تک سینیٹ کی جانب سے ان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اس واقعے سے لاعلم ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا، میں اٹلانٹک کا بہت بڑا مداح نہیں ہوں۔‘ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بعد میں کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور ٹرمپ کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
این ایس سی کے ہیوز نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس وقت، جو پیغام تھریڈ رپورٹ کیا گیا تھا وہ مستند معلوم ہوتا ہے، اور ہم اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اس سلسلے میں کس طرح نادانستہ نمبر شامل کیا گیا‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ تھریڈ سینئر عہدیداروں کے درمیان گہری اور سوچی سمجھی پالیسی تعاون کا مظاہرہ ہے، حوثیوں کے آپریشن کی جاری کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ ہمارے فوجیوں یا ہماری قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ہیگ سیتھ نے گروپ چیٹ میں جنگی منصوبوں کو شیئر کرنے سے انکار کیا۔
دی اٹلانٹک میں شائع ہونے والی چیٹ کے اسکرین شاٹس کے مطابق گروپ کے عہدیداروں نے اس بات پر بحث کی کہ آیا امریکا کو یہ حملے کرنے چاہئیں یا نہیں، اور ایک موقع پر وینس نے یہ سوال اٹھایا کہ کیا یورپ میں امریکی اتحادی، جو خطے میں جہاز رانی میں خلل کا زیادہ سامنا کر رہے ہیں، امریکی مدد کے مستحق ہیں۔
وینس نامی ایک شخص نے لکھا کہ ’پیٹ ہیگ سیتھ اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہمیں ایسا کرنا چاہیے تو چلیں، مجھے یورپ کو ایک بار پھر بیل آؤٹ کرنے سے نفرت ہے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہاں ہمارا پیغام سخت ہو‘۔
ہیگ سیتھ کے نام سے پہچانے جانے والے ایک شخص نے جواب دیا کہ ’نائب صدر! میں یورپی فری لوڈنگ کے بارے میں آپ کی نفرت سے مکمل طور پر متفق ہوں، یہ افسوسناک ہے‘۔
دی اٹلانٹک کی رپورٹ کے مطابق وینس نامی شخص نے حملوں کے وقت کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان حملوں کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کے حق میں مضبوط دلیل موجود ہے۔
اکاؤنٹ نے اس سے پہلے لکھا تھا کہ ’مجھے یقین نہیں ہے کہ صدر اس بات سے آگاہ ہیں کہ یہ اس وقت یورپ کے بارے میں ان کے پیغام سے کتنا متضاد ہے، ایک اور خطرہ ہے کہ تیل کی قیمتوں میں معتدل سے شدید اضافہ ہوسکتا ہے ۔‘
اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ ’مجھے یقین نہیں ہے کہ صدر اس بات سے آگاہ ہیں کہ یہ اس وقت یورپ کے بارے میں ان کے پیغام سے کتنا متضاد ہے، ایک اور خطرہ ہے کہ ہم تیل کی قیمتوں میں اعتدال پسند سے شدید اضافہ دیکھیں‘۔
یمن، حوثیوں کے اتحادی ایران اور یورپی یونین کی سفارتی سروس نے فوری طور پر ’رائٹرز‘ کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
امریکی قانون کے تحت خفیہ معلومات کا غلط ہاتھوں میں جانا یا غلط استعمال جرم ہوسکتا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس معاملے میں ان شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے یا نہیں۔
دی اٹلانٹک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ والٹز کی جانب سے سگنل ایپ سے کچھ عرصے کے بعد غائب ہونے والے پیغامات بھی وفاقی ریکارڈ رکھنے کے قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہیں۔
منگل کے روز تلسی گیبارڈ کو امریکا کو عالمی سطح پر لاحق خطرات کے بارے میں سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے بیان دینا ہے۔
ڈیموکریٹک قانون سازوں نے سگنل گروپ کے استعمال کو غیر قانونی قرار دیا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر کا کہنا تھا کہ ’یہ فوجی انٹیلی جنس کی سب سے حیران کن خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے جس کے بارے میں میں نے بہت طویل عرصے میں پڑھا ہے‘۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تجویز سامنے نہیں آئی کہ خلاف ورزی سے عملے میں کوئی تبدیلی آئے گی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کارولین لیوٹ نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کو قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز سمیت اپنی قومی سلامتی کی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔
ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ’انتہائی حساس قومی سلامتی کے معاملات پر بات چیت کے لیے سگنل کا استعمال واضح طور پر غیر قانونی اور ناقابل یقین حد تک خطرناک ہے۔‘
ڈیموکریٹک سینیٹر کرس کونز نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ’اس ٹیکسٹ چین میں شامل ہر ایک سرکاری عہدیدار نے ایک جرم کا ارتکاب کیا ہے، بھلے ہی حادثاتی طور پر کیوں نہ ہو، عموماً اس معاملے میں جیل کی سزا ہوتی ہے۔‘