• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 4:34pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 4:40pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 4:34pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 4:40pm

اپریل میں مہنگائی بڑھ کر 2 سے 3 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ

شائع March 25, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

وزارت خزانہ نے فروری کے مقابلے مارچ میں مہنگائی میں اضافے کے تخمینے پرنظرثانی کرتے ہوئے رواں ماہ مہنگائی میں کمی کی توقع ظاہرکی ہے تاہم اپریل میں مہنگائی میں اضافےکا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں مارچ کے لیے مہنگائی کے تخمینے پر نظرثانی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ مارچ میں مہنگائی ایک سے ڈیڑھ فیصد کے درمیان رہنےکی توقع ہے، اس سے پہلے گزشتہ ماہ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ میں وزارت خزانہ نے مارچ کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3 سے 4 فیصد کے درمیان لگایا تھا، وزارت خزانہ نے پہلے مارچ میں مہنگائی تھوڑی بڑھنےکے امکانات ظاہر کیے تھے۔

وزارت خزانہ کی نئی رپورٹ کے مطابق اپریل میں مہنگائی بڑھ کر 2 فیصد سے 3 فیصد کے درمیان رہنےکا خدشہ ہے، ملک میں فروری 2025 میں مہنگائی 1.52 فیصد رکارڈ کی گئی تھی اور جولائی تا فروری کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.85 فیصد تھی جبکہ جولائی تا فروری سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 28 فیصد سے کم ہوکر 5.9 فیصد پرآگئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھ گئی ہے، رواں مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری ترسیلات زر میں 32.5 فیصد اور برآمدات میں 7.2 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 11.4 فیصد بڑھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2024 سےفروری 2025 کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 41 فیصد کا اضافہ ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ جولائی تا فروری میں 69 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب 18 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 15 کروڑ ڈالرز ہوگئے اور ایف بی آر محصولات میں جولائی تا فروری25.9 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے دوران نان ٹیکس آمدنی میں 75.8فیصد کا اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 30 مارچ 2025
کارٹون : 29 مارچ 2025