نیوزی لینڈ کا ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، پاکستانی کرکٹر کا بیٹا بھی شامل
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا، اسکواڈ میں کئی نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی طرح نیوزی لینڈ کے اہم کھلاڑی اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں اور ہمیشہ کی طرح پیسوں کی لالچ میں وہ قومی ذمہ داری پر آئی پی ایل کو ترجیح دے رہے ہیں۔
کیوی کھلاڑیوں کے آئی پی ایل میں مصروف ہونے کے سبب سلیکٹرز کی جانب سے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے مجبوراً نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جن میں پاکستانی نژاد محمد عباس بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ محمد عباس پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اظہر عباس کے بیٹے ہیں جو کئی سال پہلے نیوزی لینڈ منتقل ہوگئے تھے جب کہ انہیں نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔
پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹام لیتھم کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے، مچل سینٹنر اور کین ولیمسن مصروفیات کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔
نیوزی لینڈ بورڈ کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل کھیلنے والے اسکواڈ کے 8 کھلاڑی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز 31 مارچ سے شروع ہوگی جب کہ دیگر میچز 2 اور 5 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ اسکواڈ
ٹام لیتھم (کپتان)، محمد عباس، آدی اشوک، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، جیکب ڈفی اور مچل ہے، نک کیلی، ڈیرل مچل، ول او رورکے، بین سئیرز، نیتھن سمتھ اور ول ینگ