اسرائیل کیلئے خوف کی علامت بننے والی بلی کو غزہ جنگ سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟
مصر کی سرحد کے قریب اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) اہلکاروں پر حملے کرنے والی جنگی بلی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، کرکل نامی اس بلی کو غزہ جنگ سے جوڑا جارہا ہے جو اسرائیل کے لیے خوف کی علامت بن گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز مصر کی سرحد کے قریب جبل حریف کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کرنے والی جنگلی بلی کرکل (ایجپشن لینکس) کو پکڑلیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگلی بلی کو نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی کے اہلکاروں نے پکڑ کر وائلڈ لائف کے ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔

تاہم، اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے بعد یہ جنگی بلی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور خاص طور پر عرب ممالک میں صارفین کی جانب سے اس بلی کو لے کر دلچسپ پوسٹ کی جارہی ہیں۔

مصری اور عرب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور نیوز چینلز اس بلی کی تصاویر، ویڈیوز، مضامین اور پوسٹس سے بھر گئے ہیں جس نے ’قابض فوجیوں‘ پر حملہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر بلی کی ’اے آئی‘ تصاویر بھی وائرل ہوئی جس میں بلی کو کچھ ترمیم شدہ تصاویر میں اس جانور کو فلسطینی اسکارف جسے ’کیفیہ‘ پہنائے ہوئے دکھایا گیا جب کہ کچھ تصاویر میں بلی کے سر پر حماس کے عسکری ونگ کا نشان بھی لگا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹس میں ’شکریہ مصری کرکل‘، ’اب تو ہمارے جانور بھی اسرائیل کو دشمن تسلیم کررہے ہیں‘ اور ’قدرت بھی اسرائیل کے وجود کو مسترد کررہی ہے‘، جیسے ریمارکس دیکھنے کو ملے۔