زیادہ میک اپ کریں نہ جینز پہن کر آئیں، سندھ میں اساتذہ کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں کے اساتذہ کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کرتے ہوئے خواتین اساتذہ کے لیے زیادہ میک اپ، زیادہ زیورات اور اونچی ہیلز پہننا ممنوع قرار دے دیا، مرد اساتذہ کو بھی جینز شرٹ پہننے سے روک دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں کے اساتذہ کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے ہدایت کی ہے کہ خواتین اساتذہ زیادہ میک اپ سے اجتناب برتیں اور اونچی ہیلز پہن کر اسکول نہ آیا کریں جبکہ زیادہ زیورات پہننے سے بھی گریز کریں۔
محکمہ تعلیم نے مرد اساتذہ کو ٹی شرٹ اور جینز پہن کر اسکول آنے گریز کی ہدایت کردی جبکہ خواتین اساتذہ کو بھی روایتی لباس کے انتخاب اور گاؤن پہننے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کو اسکولز کے احاطے میں گٹکا، نسوار، ماوا کھانے یا سگریٹ پینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اساتذہ کا طالب علموں سے ذاتی نوعیت کے کام کرانا سختی سے منع ہے۔