کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ: کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر، میاں بیوں جاں بحق
کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ ہوگیا، کارساز روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق مرد کی عمر 30 اور خاتون کی عمر 25سال ہے، حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا۔
مشتعل شہریوں نے ڈرائیور پر تشدد کیا، پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈرائیور کو گاڑی میں بٹھایا۔
دریں اثنا، پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، جاں بحق میاں بیوی ملازمت سے واپس آرہے تھے، جاں بحق خاتون نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھی، جبکہ ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور انیق کوگرفتار کرلیا، حادثہ کار سوار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ڈیفنس کی جانب جارہا تھا، مشتعل شہریوں سے بچا کر ملزم ڈرائیور کو تھانے منتقل کر دیا۔
بعدازاں، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ حادثے کے وقت شاہراہ فیصل پر رش نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ بظاہر تیز رفتاری کے باعث کار ڈرائیور نے کارساز کے قریب موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں نوجوان جوڑا جاں بحق ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کو گرفتار اور گاڑی کو ضبط کر لیا گیا، ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ ماہرین کی ٹیم حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ایک اور افسر، گلشن کے ایس پی احمد اقبال میمن نے بتایا کہ جوڑے نے افطار کرنے کے لیے سڑک پر موٹر سائیکل روکی، جب بظاہر غلط ڈرائیونگ کی وجہ سے کار نے انہیں ٹکر مار دی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ میاں بیوی کی دو لاشیں جناح ہسپتال منتقل کی گئیں، جن کی شناخت 35 سالہ محمد ایاز اور ان کی اہلیہ 29 سالہ اقصیٰ کے نام سے ہوئی۔
واضح رہے کہ 24 مارچ کو کراچی میں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں اور حاملہ بیوی کو کچل دیا تھا، حادثے کے دوران جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑگیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق عبدالقیوم نامی شخص اپنی حاملہ بیوی کے ہسپتال سے چیک اپ کے بعد موٹر سائیکل پر گھر واپس جارہا تھا کہ اس دوران ملیر ہالٹ سے شارع فیصل کی جانب تیزی سے آنے والے واٹر ٹینکر نے ان کو کچل دیا تھا۔
پولیس کے مطابق بیوی حاملہ تھی جس نے زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا لیکن بچہ بھی جانبر نہ ہو سکا، مرنے والے میاں بیوی ناتھا خان کے رہائشی تھے جن کی شناخت 24 سالہ زنیب اور 26 سالہ عبدالقیوم کے ناموں سے ہوئی تھی۔