کراچی: واٹر ٹینکر کی ایک اور موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہیوی گاڑی سے ایک اور حادثہ ہو گیا، شہر قائد میں نیا ناظم آباد کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔
منگھوپیر پولیس کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عمران احمد خان نے بتایا کہ 32 سالہ محمد ابراہیم موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ نیا ناظم آباد مین گیٹ کے قریب کلمہ چوک پر ٹینکر کی ٹکر سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔
ایس ایچ او عمران احمد خان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والا اسی علاقے پختون آباد کا رہائشی تھا، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک سے افسوس ناک اور دردناک حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
2 روز قبل 24 مارچ کو کراچی میں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں اور حاملہ بیوی کو کچل دیا تھا، حادثے کے دوران جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑگیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق عبدالقیوم نامی شخص اپنی حاملہ بیوی کے ہسپتال سے چیک اپ کے بعد موٹر سائیکل پر گھر واپس جارہا تھا کہ اس دوران ملیر ہالٹ سے شارع فیصل کی جانب تیزی سے آنے والے واٹر ٹینکر نے ان کو کچل دیا تھا۔
پولیس کے مطابق بیوی حاملہ تھی جس نے زخمی حالت میں بچے کو جنم دیا لیکن بچہ بھی جانبر نہ ہو سکا، مرنے والے میاں بیوی ناتھا خان کے رہائشی تھے جن کی شناخت 24 سالہ زنیب اور 26 سالہ عبدالقیوم کے ناموں سے ہوئی تھی۔