پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی گمشدگی، کار ڈرائیور بیان کیلئے سندھ ہائیکورٹ طلب
سندھ ہائی کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی تسلیم کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر کار ڈرائیور کو آئندہ سماعت پر پیش کر کے بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی تسلیم کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ جس کار کے ذریعے لڑکی گئی تھی، اس کے ڈرائیور رسول بخش کو آئندہ سماعت 22 اپریل تک پیش کیا جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ تسلیم نے مختیار نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، لیکن ملزمان نے اینٹی نارکوٹکس پولیس کی مدد سے تسلیم، مختیار، سلطان، رسول بخش سمیت 5 افراد کو اغوا کر لیا۔
ملزمان کی جانب سے 2 افراد کو تشدد کے بعد چھوڑ دیا گیا، جب کہ 2 پر مقدمات درج کر دیے گئے، لیکن تسلیم کا اب تک پتا نہیں چل سکا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ہوسڑی ٹھٹہ میں درج ہے۔