نیوزی لینڈ کےاسٹار وکٹ کیپر بیٹر پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے
نیوزی لینڈ کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان مچل سینٹینر کے انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں مصروف ہونے کی وجہ سے مائیکل بریس ویل کو پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے کپتان مقرر کیا تھا اور ان کی کپتانی میں کیویز نے مختصر فارمیٹ کی سیریز میں گرین شرٹس کو 1-4 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ( این زیڈ سی ) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹام لیتھم کو ہفتہ 29 مارچ سےنیپیئر میں شروع ہونے والی تین روزہ ون ڈے سیریز میں کیویز کی کمان سنبھالنی تھی مگر وہ ہاتھ تڑوا بیٹھے جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں چار ہفتے تک مکمل آرام تجویز کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز کے لیے ٹام لیتھم سے محروم ہونا یقینی طو رپر مایوس کن ہے، مگر ہم ان کی تیز رفتار صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
گیری اسٹیڈ کا کہنا تھا کہ ٹام لیتھم کی عدم موجودگی میں بھی ٹیم کی قیادت مائیکل بریس ویل کے محفوظ ہاتھوں میں ہے جو ٹی 20 میں اپنی قائدانہ صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں۔
دوسری جانب کیوی اوپنر ول ینگ بھی بچے کی متوقع پیدائش کی وجہ سے ابتدائی دو ون ڈے میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ٹام لیتھم کی جگہ پر ہنری نکولس ٹیم کا حصہ بنیں گے جو پنڈلی کا پٹھا کھنچ جانے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ مچ ہے وکٹ کیپر کی ذمے داری سنبھالیں گے، جبکہ کینٹربری کے بیٹسمین رے ماریو کو بھی پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کیوی کوچ کا کہنا تھا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر کئی کھلاڑیوں کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں لچکدار ہونے پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں دوسرے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، رے ماریو کو پہلی بار ٹیم کا حصہ بننے اور ہنری کو بھی ٹیم میں واپسی پر خوش آمدید کہتا ہوں۔